چیف سکریٹری سومیش کمار کا اجلاس،ریاست کی 563 تھیٹرس میں فلم ’ گاندھی ‘ کی نمائش
حیدرآباد۔/7 اگسٹ، ( سیاست نیوز) چیف سکریٹری سومیش کمار نے 15 اگسٹ کو قلعہ گولکنڈہ پر یوم آزادی تقاریب کے موثر انتظامات کی عہدیداروں کو ہدایت دی۔ انہوں نے آزادی کے 75 سال کی تکمیل پر 8 تا 22 اگسٹ حکومت کی جانب سے ریاست گیر سطح پر تقاریب کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔ اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ اجلاس میں ڈائرکٹر جنرل پولیس مہیندر ریڈی کے ہمراہ چیف سکریٹری نے یوم آزادی کی طویل تقاریب کے ضمن میں چیف منسٹر کی خصوصی دلچسپی سے واقف کرایا۔ انہوں نے ضلع کلکٹرس کے ساتھ ویڈیو کانفرنس کی اور ہر ضلع میں 8 تا 22 اگسٹ بڑے پیمانے پر پروگراموں کے انعقاد کی ہدایت دی۔ چیف سکریٹری نے بتایا کہ 8 اگسٹ کو چیف منسٹر کے سی آر ایچ آئی سی سی میں تقاریب کا افتتاح کریں گے۔ اس پروگرام میں وزراء، ای پیز ، ارکان اسمبلی و کونسل، ضلع پریشد صدورنشین ، میونسپل صدورنشین، ایم پی ٹی سی، زیڈ پی ٹی سی و دیگر عوامی نمائندے شرکت کریں گے۔ 9 تا 21 اگسٹ تمام اضلاع میں پروگرام طئے کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوامی نمائندوں کے علاوہ سماجی تنظیموں کو بھی اس پروگرام میں شامل کیا جائے۔ نوجوان نسل کو جدوجہد آزادی کی تفصیلات اور مجاہدین آزادی کی قربانیوں سے واقف کرانے کیلئے ریاست کے 563 سنیما تھیٹرس میں فلم ’’ گاندھی ‘‘ کی نمائش کا اہتمام کیا جائے۔ سنیما تھیٹرس میں 35 لاکھ بچوں کیلئے فلم کی مفت نمائش رہے گی۔ ملک میں پہلی مرتبہ اس قدر بڑی تعداد میں طلبہ فلم ’ گاندھی‘ کا مشاہدہ کریں گے۔ چیف سکریٹری نے کہا کہ یوم آزادی تقاریب میں سماج کے تمام طبقات کو شامل کیا جائے گا۔ ہر گھر پر ترنگا لہرانے کیلئے ایک کروڑ 20 لاکھ ترنگے مفت تقسیم کئے جائیں گے۔ تمام سرکاری دفاتر، اہم مقامات کو خوبصورتی سے سجایا جائیگا۔ تمام اسکولوں و گاؤں میں ہریتا ہرم پروگرام کے تحت شجرکاری کی جائیگی۔ سرکاری دواخانوں میں مریضوں میں میوہ جات تقسیم کئے جائیں گے۔ بلڈ ڈونیشن کیمپ کے علاوہ مفت ہیلت کیمپ کا انعقاد عمل میں آئے گا۔ اجلاس میں اسپیشل چیف سکریٹریز رانی کمودنی، شانتی کماری، اروند کمار، سنیل شرما، آدھر سنہا ، پرنسپل سکریٹری جیش رنجن، سکریٹری ہوم روی گپتا، ایڈیشنل ڈائرکٹر جنرل پولیس جتیندر، سکریٹری جی اے ڈی سیشادری اور دیگر عہدیدار شریک تھے ۔ ر