دیڑھ کروڑ افراد کے معائنوں کا منصوبہ، عینکوں کی مفت تقسیم، اسکیم کو مہمان قائدین کی ستائش
حیدرآباد۔/18جنوری، ( سیاست نیوز) قومی قائدین کی موجودگی میں ’’ کنٹی ویلگو ‘‘ ( آنکھوں کی روشنی ) دوسرے مرحلہ کے پروگرام کا آج کھمم میں آغاز ہوا۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے چیف منسٹر کیرالا پی وجین، چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال، چیف منسٹر پنجاب بھگونت سنگھ مان، سماج وادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو اور سی پی آئی کے قومی جنرل سکریٹری ڈی راجا کی موجودگی میں اس پروگرام کا آغاز کیا۔ دوسرے مرحلہ کے پروگرام سے تقریباً 1.5 کروڑ افراد کو فائدہ ہوگا اور پروگرام کی تفصیلات پر مشتمل تصویری نمائش کے ذریعہ عہدیداروں نے قومی قائدین کو تفصیلات سے واقف کرایا۔ قومی قائدین کی موجودگی میں عوام کی آنکھوں کے معائنے کئے گئے اور مہمان قائدین کے ہاتھوں عینکیں تقسیم کی گئیں۔ 6 خصوصی اسٹال قائم کئے گئے تھے جن میں آنکھوں کے معائنے کئے گئے۔ قومی قائدین نے اس پروگرام کی ستائش کی اور کہا کہ بینائی کے تحفظ کیلئے یہ پروگرام شعور بیداری کے ساتھ ساتھ علاج فراہم کررہا ہے۔ دوسرے مرحلہ کا پروگرام 100 دن تک جاری رہے گا اور 1500 میڈیکل ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ دوسرے مرحلہ میں 1.5 کروڑ افراد کی آنکھوں کے معائنے اور 55 لاکھ عینکوں کی تقسیم کا منصوبہ ہے۔ مریضوں میں ادویات بھی تقسیم کی جائیں گی۔ ہر ہفتہ پانچ دن صبح 9 تا سہ پہر 4 بجے یہ پروگرام رہے گا۔ چیف منسٹر کے سی آر نے تینوں چیف منسٹرس اور سماج وادی پارٹی و سی پی آئی قائدین کو حکومت کی مختلف فلاحی اسکیمات سے واقف کرایا۔ وزیر صحت ہریش راؤ اور چیف سکریٹری شانتی کماری نے قومی قائدین کو ’’کنٹی ویلگو‘‘ پروگرام کے پہلے مرحلہ کے نتائج اور دوسرے مرحلہ کے لائحہ عمل سے واقف کرایا۔ آنکھوں کے معائنہ کے بعد ضرورت پڑنے پر مریضوں کے آپریشن سرکاری اور بعض خانگی دواخانوں میں کئے جائیں گے۔ر