قومی مفاد کو سیاسی مفاد سے بالاتر رکھنا چاہئے :دھنکر

   

نئی دہلی، 27 مئی (یو این آئی) نائب صدر اور راجیہ سبھا کے چیئرمین جگدیپ دھنکر نے کہا کہ اداروں کی طرح سیاسی جماعتوں پر بھی قومی کاز کے تئیں اخلاقی ذمہ داری عائد ہوتی ہے اور قومی سلامتی اور اقتصادی ترقی جیسے مسائل پر تمام پارٹیوں کو اپنے سیاسی مفادات سے بالاتر ہو کر قومی مفاد کو ترجیح دینی چاہئے ۔ جگدیپ دھنکر نے منگل کے روز ’راجیہ سبھا انٹرنشپ پروگرام – فیز 7‘کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپریشن سندور نے پوری قوم کی ذہنیت کو پوری طرح سے بدل دیا ہے ۔ معاشرہ پہلے سے زیادہ قوم پرست ہو ا ہے ۔ تمام سیاسی پارٹیوں نے مل کر بیرون ملک میں امن اور دہشت گردی کے تئیں زیرو ٹالرینس کا پیغام دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستانی سماج کو متحد اور مضبوط ہونا چاہئے ۔ اداروں کی طرح سیاسی جماعتوں کی بھی قومی کاز کے تئیں اخلاقی ذمہ داری عائد ہوتی ہے کیونکہ تمام اداروں کا محور ملکی ترقی، قومی فلاح، عوامی بہبود، شفافیت، احتساب اور دیانت داری ہے ۔ قومی سلامتی اور معاشی ترقی جیسے مسائل میں تمام پارٹیوں کو اپنے سیاسی مفادات پر قومی مفاد کو ترجیح دینی چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ میں تمام سیاسی طبقات سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ گہرائی سے سوچیں اور اس نتیجے پر پہنچیں کہ ان مسائل پر اتفاق رائے ہونا چاہیے ۔ بعض اوقات حب الوطنی اور سلامتی جیسے مسائل پر سیاست بہت شدید ہوجاتی ہے ۔ ہمیں اس پر قابو پانا ہوگا۔ نائب صدر جمہوریہ نے کہا کہ جنگ کے خلاف بہترین دفاع تب ہوتا ہے جب ہم طاقت کی پوزیشن میں ہوں۔ انہوں نے کہا کہ امن تب یقینی ہوتا ہے جب آپ ہمیشہ جنگ کے لیے تیار ہوں۔ طاقت صرف تکنیکی صلاحیت یا روایتی ہتھیاروں سے نہیں آتی، یہ عوام سے بھی آتی ہے ۔