قومی پارٹی تشکیل دینے کے سی آر کا عزم

,

   

ٹی آر ایس کو ملک بھر کے120 قائدین کی تائید ‘ کریم نگر میں جلسہ سے خطاب
کریم نگر ۔17 مارچ (سیاست نیوز) ٹی آر ایس کے سربراہ اور چیف منسٹر کے چندرشیکھرراؤ نے آج اپنے قومی عزائم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ضرورت پڑنے پر لوک سبھا انتخابات کے بعد قومی پارٹی تشکیل دینے سے پس و پیش نہیں کریں گے ۔ انہوں نے دعوی کیا کہ انہیں ملک بھر کے 120 قائدین کی تائید حاصل ہے اور 2019 کے عام انتخابات کے بعد بشرط ضرورت غیر بی جے پی اور غیر کانگریس فیڈرل فرنٹ تشکیل دیں گے ۔ کے سی آر نے جو کریم نگر میں ایک بڑے جلسہ سے خطاب کے ذریعہ اپنی پارٹی کی انتخابی مہم کا افتتاح کر رہے تھے اس یقین کا اظہار کیا کہ تلنگانہ کے 16 حلقوں سے ان کی پارٹی بھاری اکثریت کے ساتھ کامیاب ہوگی ۔ کریم نگر کے سی آر کے لئے خوش قسمت مقام سمجھا جاتا ہے جہاں سے انہوں نے ماضی میں بھی کئی مرتبہ اپنی مہمات کا آغاز کیا تھا ۔ کے چندرشیکھرراؤ نے عوام کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ’’لوگ سمجھ رہے ہیں کہ میرے پاس صرف 16 ارکان پارلیمنٹ ہی ہوں گے لیکن ایسا نہیں ہے اور فی الحال میں اپنے منصوبوں کا کھل کر اعلان بھی نہیں کرسکتا البتہ اتنا ضرور کہہ سکتا ہوں کہ میرے ساتھ مختلف ریاستوں کے 120 قائدین ہیں جو میری تائید کر رہے ہیں ۔ میں ملک بھر کا دورہ کرچکا ہوں ‘ مختلف ریاستوں کے بآثر قائدین سے مابعد کی حکمت عملی پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوچکا ہے اور بالکل وہی کیا جائیگا جو میں کہہ چکا ہوں ‘‘۔