جناب ظہیر الدین علی خاں کے انتقال پر مولانا سید لیاقت حسین رضوی المدنی و دیگر کا اظہار تعزیت
حیدرآباد ۔ 11 ۔ اگست : ( راست ) : جناب ظہیر الدین علی خاں صاحب ( منیجنگ ایڈیٹر سیاست ) قوم و ملت کے مخلص اور خدمت گزار شخصیت تھے ، بالخصوص آپ نے اردو زبان کو فروغ دینے کے لیے بے لوث خدمات انجام دئیے ہیں ۔ یقینا اس کی مثال نہیں مل سکتی ۔ جناب زاہد علی خاں کی سرپرستی میں ان کی رہنمائی کے ذریعہ ظہیر الدین علی خاں جس طرح تمام امدادی کارناموں کو سر انجام دیتے رہے ہیں وہ ناقابل فراموش ہیں ۔ مولانا سید شاہ لیاقت حسین رضوی المدنی ( سجادہ نشین و متولی آستانہ عالیہ رضویہ ) نے آپ کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے بدیدہ نم تعزیتی پیغام میں ان خیالات کا اظہار کیا ۔ مولانا موصوف نے خان صاحب کے پسماندگان سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور ان کے حق میں دعا گو ہوئے کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی بے حساب مغفرت فرمائے اور جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے ۔ آمین ۔۔
٭٭ آل میناریٹی ایمپلائز ویلفیر اسوسی ایشن حیدرآباد کے ریاستی صدر عادل شریف چیرمین ، محمد عبدالرشید جنرل سکریٹری ایم اے مجید خاں ریاستی اعزازی صدر سید احمد علی نے جناب ظہیر الدین علی خاں صاحب کے اچانک انتقال پر اپنے رنج و غم کا اظہار کیا اور کہا کہ ظہیر الدین علی خاں صاحب ایک فرد نہیں بلکہ اپنے آپ میں ایک تنظیم تھے وہ دیگر کے ساتھ ساتھ میناریٹی ایمپلائز اسوسی ایشن کو بھی گرانقدر نظر سے دیکھتے تھے اور ان کی ہمت افزائی اور رہنمائی کرتے تھے ۔۔
٭٭ قوم ایک ہمدرد اور ہر دلعزیز شخصیت سے محروم ہوگئی ہے ، دنیا بھر میں اپنی دیانت داری اور فرض شناسی کے لیے مرحوم پہچانے جاتے تھے ، مرحوم کا شمار ملت اسلامیہ اور مصائب زدہ لوگوں کے مسیحا میں ہوتا ہے ۔ بی آر ایس قائد اور دبیر پورہ انچارج ایم اے ذیشان نے منیجنگ ایڈیٹر روزنامہ سیاست جناب ظہیر الدین علی خاں کے انتقال پر اپنے تعزیتی بیان میں یہ بات کہی ہے ۔ ایم اے ذیشان نے کہا کہ مرحوم کے پسماندگان کو اللہ تعالیٰ صبر و استقامت نصیب فرمائے اور مرحوم کو اپنی جوار رحمت میں خاص مقام عطا کرے ۔۔
٭٭ جناب ظہیر الدین علی خاں مرحوم کی رحلت ایک عظیم نقصان خاص طور پر حیدرآباد کے لوگ بلا مذہب و ملت دلوں میں اور ذہنوں میں انقلاب پیدا کردینے والی شخصیت جناب ظہیر الدین علی خاں کو ایک عرصہ دراز تک نہیں بھول پائیں گے ۔ جناب محمد انیس الرحمن پبلسٹی سکریٹری تلگو دیشم پارٹی میناریٹی سیل تلنگانہ اسٹیٹ نے کہا کہ قوم و ملت کا درد خاص طور پر ملت کے نوجوانوں کے ساتھ تعلیمی میدان میں روزگار کی فراہمی کی طرف توجہ ہر کسی کی رہبری رہنمائی کئی خاندانوں کے بے روزگار نوجوانوں کو روزگار سے مربوط کر کے خوشحالی سے ہمکنار کیا ۔ جناب ظہیر الدین علی خاں مرحوم کے تعلیمی اور تعمیری کارناموں کا ذکر مختصر الفاظ میں بیان کرنا محال ہے ۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ مرحوم کی مغفرت فرمائے اور ان کے اہل خانہ اور ان کے غمگساروں کو صبر جمیل عطا کرے ۔۔
٭٭ تلنگانہ اردو فورم ۔ مظہر ایجوکیشنل سوسائٹی کی جانب سے مجاہد اردو۔ اردو زبان کی بے باک شخصیت، غریب پرور، انسانیت کے ہمدرد جناب محمد ظہیر الدین علی خان کے اچانک انتقال پر ہر کوئی صدمہ کا شکار ہوا۔ ظہیر الدین علی خان ہمیشہ مظلوموں بے سہاروں کا ساتھ دیتے تھے۔ ہزاروں طلباء اور طالبات کو اسکالرشپ کے ذریعہ مالی فائدہ پہنچایا اور دوبدو پروگرام کے ذریعہ سینکڑوں جوڑوں کو شادی کے بندھن میں باندھا۔ پولیس میں نوجوانوں کی ملازمت کے لئے انہوں نے کامیاب تحریک چلائی اور اردو دانی، زبان دانی اور انشاء کے ذریعہ انہوں نے اردو کے رسم الخط کو زندہ رکھا۔ جناب ظہیر الدین علی خان عابد علی خان صاحب مرحوم بانی سیاست اردو اخبار اور محبوب حسین صاحب کی راست نگرانی میں پرورش پائی۔ محمد ظہیر الدین علی خان صاحب کی زندگی خود کئی ایک تحریکات کی مشین تھی۔ جناب محمد اسمعیل الرب صدر نشین اردو فورم تلنگانہ مظہر ایجوکیشنل سوسائٹی نے محترمہ عرشیہ ناہید کنوینر شعبہ خواتین تلنگانہ اردو فورم، جناب محمد بشیر علی، محمد مسعود علی، ساجد بن عبدالعزیز ان سب نے اللہ تعالیٰ سے دعا کی کہ وہ محمد ظہیر الدین علی خان کو اپنے فضل سے بخش دے اور جنت الفردوس میں جگہ عطا فرمائے آمین۔
٭٭ منیجنگ ایڈیٹر روزنامہ سیاست جناب ظہیر الدین علی خاں مرحوم کے سانحہ ارتحال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے بی آر ایس چھاونی ناد علی بیگ ڈیویژن صدر حیات حسین حبیب نے کہا کہ ظہیر صاحب کا انتقال قوم اور ملت کا حقیقی نقصان ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر کے شعبہ صحافت میں اپنا مقام بنانے کے باوجود وہ نہایت نرم گفتار ، سنجیدہ اور غریب عوام دوست شخصیت کے حامل تھے ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ تحریک میں ظہیر الدین علی خاں صاحب کی خدمات کو کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا ہے ۔ مرحوم کی مغفرت کے لیے دعا کرتے ہوئے حیات حسین حبیب نے کہا کہ اللہ مرحوم کے درجات بلند کرے ، جنت الفردوس نصیب کرے اور پسماندگان کو صبر جمیل عطا کرے ۔۔
٭٭ جناب ظہیر الدین علی خاں کے سانحہ ارتحال پر مولانا سید تاج الدین نقشبندی ، قاری محمد شہباز نقشبندی قادری ، مولانا محمد غوث الدین حسن شرفی ، مولانا سید غوث صوفیانی قادری ، مولانا مرزا مصطفی علی بیگ ، جناب محمد ابوتراب خاں نے اظہار تعزیت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہمہ جہت صفات کے مالک تھے ۔ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جوار رحمت میں جگہ نصیب فرمائے اور مرحوم کے پسماندگان اور متعلقین کو صبر جمیل عطا فرمائے ۔ آمین ۔۔
٭٭ جناب ظہیر الدین علی خاں کے سانحہ ارتحال پر دینی مدرسہ المعھدالدینی العربی واقع شاہ علی بنڈہ میں جناب ولی اللہ شریف نائب صدر کے زیر نگرانی دعائیہ اجتماع منعقد ہوا ۔ حافظ و قاری محمد جواد صدیقی نے دعائے مغفرت کرتے ہوئے ان کے دیرینہ ملی خدمات بالخصوص دینی مدارس کے فروغ کیلئے شخصی دلچسپی لیتے اور بڑی حوصلہ افزائی کرتے تھے ۔ اللہ تعالیٰ مرحوم کی مغفرت کرے درجات کو بلند کرے اور جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا کرے ۔۔