قوم نیتاجی کی پراسرار گمشدگی کا معمہ حل کرنا چاہتی ہے

   

سبھاش چندر بوس کی برسی پر پی آئی بی کا ٹوئیٹ قابل اعتراض: چندراکماربوس
کولکتہ 19 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) نیتاجی سبھاش چندرا بوس کے ایک پوتے اور بی جے پی لیڈر چندر بوس نے مرکزی اطلاعات کے ادارہ پی آئی بی کے ایک ٹوئیٹ پر پیر کو سخت اعتراض کیا جس میں 18 اگسٹ کو مجاہد آزادی (نیتاجی) کی برسی مناتے ہوئے خبر جاری کی گئی تھی۔ چندرا کمار بوس نے کہاکہ نیتاجی سبھاش چندر بوس کے لاپتہ ہونے کا معمہ پہلے حل کیا جانا چاہئے۔ اُنھوں نے کہاکہ نیتاجی کی موت کے بارے میں کوئی بھی اعلان صرف وزیراعظم نریندر مودی کو ہی کرنا چاہئے۔ چندرا کمار بوس نے اپنے ٹوئیٹ میں لکھا کہ ’قوم چاہتی ہے کہ نیتاجی کی گمشدگی سے متعلق پراسرار کہانیوں کو بند کیا جائے۔ بالخصوص اُن جھوٹی منطقوں کو ختم کرنا چاہتی ہے جو بعض مفاد حاصلہ عناصر کی طرف سے پھیلائی گئی ہیں۔ پی آئی بی کا ایک ٹوئیٹ صحیح انداز فکر پر مبنی نہیں ہے۔ اس قسم کا کوئی بھی اعلان سرکاری طور پر وزیراعظم نریندر مودی کی طرف سے کیا جانا چاہئے جو دستاویزی ثبوت پر مبنی ہونا چاہئے‘‘۔