اسلام آباد ، 2 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم پاکستان عمران خان نے اعلان کیا ہے کہ اُن کی حکومت سابق صدر آصف علی زرداری اور سابق وزیراعظم نواز شریف جیسے سیاستدانوں کو عام معافی کی کوئی پیشکش نہیں کرے گی، جو کرپشن کے کیسوں میں ملزم ہیں، لیکن اگر وہ قوم کی لوٹی ہوئی رقم معافی کی عرضی کے ساتھ واپس کرتے ہیں تو وہ ملک چھوڑ سکتے ہیں۔ عمران نے مختلف عہدیداروں کے ہمراہ یہ انکشاف بھی کیا کہ محروس سابق وزیراعظم 69 سالہ نواز شریف کے بیٹوں نے ’’دو دوست ملکوں‘‘ کی مدد سے اپنے والد کو رہا کرانے کی کوشش کی۔ عمران نے دو ملکوں کے نام نہیں لئے لیکن کہا کہ انھوں نے بس یہ بات اُن تک پہنچائی لیکن نواز شریف کی رہائی کیلئے اصرار نہیں کیا۔ انھوں نے مجھے بتایا کہ وہ مداخلت نہیں کریں گے۔
