قیام امن کیلئے پاکستان سنجیدہ نہیں : ہندوستان کا رد عمل

   

نئی دہلی 11 جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستان نے آج پاکستان کے اس بیان پر تنقید کی کہ وہ ( ہندوستان ) قیام امن کیلئے اس کی پہل کا جواب نہیں دے رہا ہے ۔ ہندوستان نے کہا کہ پاکستان نے بات چیت کیلئے جو پیشکش کی ہے اس میں وہ سنجیدہ نہیں ہے اور وہ دہشت گرد تنظیموں کو سر عام تاید فراہم کر رہا ہے اور اب انہیں قومی دھارے میں شامل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے ۔ ہندوستان نے یہ رد عمل اس وقت ظاہر کیا ہے جب چند دن قبل وزیر اعظم عمران خان نے الزام عائد کیا تھا کہ قیام امن کیلئے پاکستان کی تجاویز کا جواب نہیں دیا جا رہا ہے ۔ وزارت خارجہ کے ترجمان رویش کمار نے کہا کہ وہ ان بیانات کو سمجھنے سے قاصر ہیں۔ عمران خان کے وزیر اعظم بننے سے قبل ہی ہمارے وزیر اعظم نے انہیں فون کرکے انتخابی کامیابی پر مبارکباد دی تھی ۔ انہوں نے پاکستان پر الزام عائد کیا کہ وہ قیام امن کی پہل میں سنجیدہ نہیں ہے اور وہ دہشت گردوں کو اپنی زمین دوسرے ممالک کے خلاف استعمال کرنے کی اجازت دے رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے مذہبی امور کے وزیر نور الحق قادری جماعت الدعوہ کے صدر حافظ سعید کے ساتھ ایک تقریب میں اسٹیج پر دیکھے گئے ۔ انہوں نے سوال کیا کہ جب پاکستان بات چیت کیلئے تیار ہے تو پھر اس کے وزرا کیوں بین الاقوامی دہشت گردوں کے ساتھ ایک پلیٹ فارم پر جمع ہو رہے ہیں ؟ ۔