قیمتی ہیروں کی رہزنی کرنے والا رہزن گرفتار

   

حیدرآباد۔/27 جنوری، ( سیاست نیوز) افضل گنج پولیس نے قیمتی ہیروں کی رہزنی میں ملوث ایک رہزن کو گرفتار کرلیا اور اس کے قبضہ سے 18 لاکھ مالیتی مسروقہ ہیرے برآمد کرلیا۔ ڈپٹی کمشنر پولیس ایسٹ زون مسٹر سنیل دت کے مطابق 31 سالہ محمد روح اللہ جو نگینوں کا کاروبار کرتا ہے اور اس کا تعلق چکبلا پور کرناٹک سے ہے وہ سابق میں کرناٹک کے ضلع چکبلا پور اور بنگلور میں دھوکہ دہی کے واقعات میں ملوث ہے۔ انہوں نے کہا کہ ویویک جتن جویری جس کا تعلق گجرات کے شہر سورت سے ہے اور وہ نگینوں کا تاجر ہے۔ مذکورہ تاجر نے پولیس میں کی گئی شکایت میں بتایا کہ نگینوں کے کاروبار کے سلسلہ میں اس نے انڈیا مارٹ ویب سائیٹ پر ہیروں کا اشتہار شائع کیا تھا جسے دیکھ کر روح اللہ نے اسے خریدنے کے بہانے ان سے رابطہ قائم کیا اور نگینوں کے ساتھ حیدرآباد پہنچنے کیلئے کہا۔ ویویک جتن اپنے رشتہ کے بھائی کے ساتھ افضل گنج میں واقع امبیکا لاج میں پہنچا تھا جہاں روح اللہ پہنچ کر کاروبار کے سلسلہ میں بات چیت میں اُلجھا کر ہیروں کے پیاکٹ کو لے کر غائب ہوگیا۔ پولیس نے اسے گرفتار کرتے ہوئے ملزم کے قبضہ سے 18 لاکھ مالیتی مسروقہ ہیرے برآمد کرلیا۔ب