اجزا : قیمہ آدھا کلو، نمک حسب ذائقہ، ادرک لہسن پسا ہوا ایک چمچہ، پیاز (آملیٹ کی طرح کٹی ہوئی) دو عدد درمیانی ، لال مرچ پسی ہوئی ایک چمچہ، ثابت دھنیا ایک چمچہ، کالی مرچ پسی ہوئی آدھا چمچہ، سفید زیرہ ایک چمچہ، ہری مرچیں (باریک کٹی ہوئی ) تین سے چار عدد، ہرا دھنیا (باریک کٹا ہوا ) ایک گٹھی ، لیموں کا رس دوچمچہ، میدہ ایک کلو، میٹھا سوڈاایک چائے کا چمچہ، اجوائن آدھا چمچہ،گھی تلنے کیلئے۔
ترکیب: سب سے پہلے میدہ لیں اور اس میں نمک، میٹھا سوڈا، اجوائن اور چار کھانے کے چمچ گھی ڈال کرآٹھ سے دس منٹ تک اچھی طرح گوندھیں۔ پھر ململ کے گیلے کپڑے میں لپیٹ کر دس سے پندرہ منٹ کیلئے رکھ دیں۔ اب دیگچی میں ایک کھانے کا چمچ گھی درمیانی آنچ پر دو سے تین منٹ تک گرم کریں۔ قیمہ،ادرک لہسن، کالی مرچ اور لال مرچ ڈال کر اتنی دیر پکائیں کہ قیمے کا اپنا پانی خشک ہو جائے۔ پھر ثابت دھنیا اور زیرہ ڈال کر دو سے تین منٹ بھون لیں۔ چولہے سے اتار کر اس میں پیاز، ہری مرچیں، ہرا دھنیا اور لیموں کا رس ملا لیں اور ٹھنڈا ہونے کیلئے رکھ دیں۔ کچوریوں کیلئے آٹے کے پیڑے بنا لیں اور ہاتھ کو گیلا کر کے پیڑے کو ذرا سا پھیلا لیں۔ ہر پیڑے میں ایک ایک چمچہ قیمہ بھر کر پیڑے کو اچھی طرح بند کریں اور دس سے پندرہ منٹ کیلئے فریج میں رکھ دیں۔ اس کے بعد کڑاہی میں گھی کو درمیانی آنچ پر تین سے پانچ منٹ گرم کریں اور دوبارہ ہاتھ کو گیلا کر کے پیڑے کو ہتھیلی پر رکھ کر ہلکا سا دبائیں، پھر گرم گھی میں سنہری رنگت ہونے تک ڈیپ فرائی کریں۔