لاء سیٹ 2019 اعلامیہ کی آئندہ ماہ اجرائی

   

20 مئی کو آن لائن انٹرنس ٹسٹ، عثمانیہ یونیورسٹی کا بیان
حیدرآباد 24 فروری (سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ میں قانونی ڈگری کے حصول کیلئے ایل ایل بی اور ایل ایل ایم کورسیس میں سال 2019-2020 کے تعلیمی سال سے متعلق داخلوں کے لئے منعقد کئے جانے والے ’’لاء سیٹ 2019‘‘ کے لئے آئندہ ماہ 10 مارچ کو نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا۔ بتایا جاتا ہے کہ تین سالہ و پانچ سالہ مدتی ایل ایل بی کورس اور دو سالہ مدتی ایل ایل ایم (پی جی) کورسیس کے لئے ہی لاسیٹ منعقد ہوگا۔ عثمانیہ یونیورسٹی کے باوثوق ذرائع نے یہ بات بتائی۔ اعلامیہ کی اجرائی کے بعد 15 مارچ سے لاسیٹ کے لئے درخواستیں قبول کی جائیں گی۔ بتایا جاتا ہے کہ لاسیٹ و پی جی ایل سیٹ توقع ہے کہ 20 مئی کو صبح 10 تا ساڑھے گیارہ بجے تک آن لائن منعقد ہوگا۔ جبکہ امیدوار 16 مئی سے اپنے ہال ٹکٹس ڈاؤن لوڈ کرسکتے ہیں۔ اسی ذرائع کے مطابق ایل ایل بی انٹرنس ٹسٹ، ایس سی، ایس ٹیز طلباء کے لئے فیس 500 روپئے اور دیگر تمام طلباء کے لئے 800 روپئے فیس ادا کرنا ہوگا اور پی جی ایل سیٹ امتحان کے لئے ایس سی اور ایس ٹیز طلباء کے لئے 500 روپئے اور دیگر تمام طلباء کے لئے 1000 روپئے فیس ادا کرنا ہوگا۔