جموں: جموں و کشمیر کے سرحدی ضلع پونچھ میں منگل کو لائن آف کنٹرول پر تعینات فوجی اہلکاروں نے ایک پاکستانی درانداز کو گرفتار کر لیا۔ مذکورہ درانداز، جس کی عمر بیس کے اوائل میں بتائی جا رہی ہے ، کو اس وقت حراست میں لیا گیا جب وہ ایل او سی عبور کرکے بھارتی حدود میں داخل ہوا۔ فوج نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے اسے گرفتار کیا اور فوری طور پر پوچھ گچھ کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا۔تفتیش کا عمل جاری ہے اور ابھی یہ واضح نہیں ہو سکا ہیکہ مذکورہ شخص کا تعلق کسی ملی ٹینٹ تنظیم سے ہے یا وہ کسی اور مقصد کے تحت سرحد عبور کر آیا ہے۔
منی پور میں 12 عسکریت پسند گرفتار
امپھال: منی پور پولیس اور سیکورٹی فورسز نے گزشتہ 24 گھنٹوں میں الگ الگ واقعات میں مختلف باغی تنظیموں سے تعلق رکھنے والے 12 افراد کو گرفتار کیا ہے۔ پولیس نے منگل کو بتایا کہ کانگلیپک کمیونسٹ پارٹی-پیپلز وار گروپ کے تین فعال کیڈر کیراؤ وانگکھیم سے پکڑے گئے اور ان کے قبضے سے ہتھیار برآمد کیے گئے ۔ وہیں منی پور کے امپھال مشرقی ضلع کے منتری پوکھری سے تنظیم کے چار دیگر کیڈروں کو گرفتار کیا گیا، جو مختلف مقامات پر دستی بم نصب کرنے میں ملوث تھے ۔ اس کے پاس سے دو پستول برآمد ہوئے ۔پولیس نے ایک کارروائی کے دوران امپھال ایسٹ کے ساومبنگ کبوئی کھنجاؤ سے کالعدم پی ایل اے تنظیم کے ایک رکن کو 9 ایم ایم پستول کے ساتھ گرفتار کیا۔
سیکورٹی فورسز نے کے سی پی (اپونبا) کے دو فعال کارکنوں کو تھوبل ضلع میں وانگجنگ آوانگ لیکائی میں ایک خالی جھونپڑی سے بھی گرفتار کیا۔پولیس نے بتایا کہ فونسنفائی گیپ (ضلع بشنو پور کے کوکٹہ وارڈ نمبر 8 کے قریب) اور امپھال مغربی ضلع کے ہیبونگلوک ہل میں تلاشی کی کارروائیاں کی گئیں، جس میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا۔