چوتھے ٹسٹ میں آسٹریلیا دوسری اننگز میں 228/9 ۔ بمراہ کو چار، سراج کو تین وکٹ۔ انڈیا پر 333 کی مجموعی برتری
ملبورن: بارڈر۔گاوسکر ٹرافی کے چوتھے ٹسٹ میچ کے چوتھے دن اتوار کو آسٹریلیا نے دوسری اننگز میں مارنس لابوشین (70)، کپتان پیٹ کمنز (41)اور نیتھن لیون (41 ناٹ آؤٹ) کی ذمہ دارانہ اننگز کی بدولت دن کا کھیل ختم ہونے پر نو وکٹوں پر 228 رنز بنائے ۔ اس کے ساتھ ہی ٹیم کی مجموعی برتری 333 رنز ہو گئی ہے ۔ دوسری اننگز میں بلے بازی کے لئے اتری آسٹریلیا ئی ٹیم نے اپنی پہلی وکٹ 20 کے اسکور پر سام کونسٹاس (8) کے طور پر گنوائی۔ انہیں جسپریت بمراہ نے بولڈ آؤٹ کیا۔ محمد سراج نے 19ویں اوور میں عثمان خواجہ (21) کو بولڈ آؤٹ کیا۔ کھانے کے وقفے تک آسٹریلیا کی دو وکٹیں 53 رنز پر گر چکی تھیں، حالانکہ آسٹریلیا کی برتری 158 رنز ہوچکی ہے ۔ 33ویں اوور میں سراج نے اسٹیو اسمتھ (13) کو پنت کے ہاتھوں کیچ کروا کر پویلین کا راستہ دکھایا۔ اگلے ہی اوور میں بمراہ نے ٹریوس ہیڈ (1) کو آؤٹ کرکے ہندوستان کو چوتھی کامیابی دلائی۔ بمراہ نے مچل مارش (0) کو آؤٹ کر کے آسٹریلیا کو پانچواں جھٹکا دیا۔ 36ویں اوور میں بمراہ نے ایلکس کیری (دو) کو بولڈ کرکے اپنا چوتھا شکار بنایا۔ آسٹریلیا کی ساتویں وکٹ مارنس لابوشین کے طورپر گری ۔ انہیں محمد سراج نے ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا۔ لابوشین نے 139 گیندوں میں تین چوکوں کی مدد سے 70 رنز بنائے ۔ آٹھویں وکٹ مچل اسٹارک (5) کے رن آؤٹ ہونے کے طور پر گری۔ اس کے بعد رویندر جڈیجہ نے (41) کے اسکور پر کپتان پیٹ کمنز کو آؤٹ کیا۔ نیتھن لیون اورا سکاٹ بولینڈ نے دسویں وکٹ کے لیے اہم شراکت داری کی اورا سکور کو 200 رنز سے آگے لے گئے ۔ دن کا کھیل ختم ہونے پر آسٹریلیا نے 82 اوورز میں نو وکٹوں پر 228 رنز بنا لیے تھے اور اس کی مجموعی برتری 333 رنز تھی۔ لیون اور اسکاٹ بولنڈ (10ناٹ آؤٹ) کریز پر موجود ہیں۔ ہندوستان کی جانب سے بمراہ نے چار وکٹیں حاصل کیں۔ محمد سراج نے تین وکٹیں حاصل کیں۔ رویندر جڈیجہ نے ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔ اس سے پہلے ہندوستان نے گزشتہ روز کے 359/9 سے آگے کھیلا۔ ہندوستانی ٹیم نے کل کے اسکور میں دس رنز کا اضافہ کیا اور اس کی پہلی اننگز 369 رنز کے اسکور پر سمٹ گئی ۔ لیون نے نتیش کمار ریڈی کو آؤٹ کیا۔ ریڈی نے 189 گیندوں میں 114 رنز کی اہم اننگز کھیلی، جس میں 11 چوکے اور ایک چھکا لگایا۔ آسٹریلیا کو پہلی اننگز کی بنیاد پر 105 رنز کی برتری حاصل تھی۔ آسٹریلیا کی جانب سے پیاٹ کمنز، اسکاٹ بولانڈ اور لیون نے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔ آسٹریلیا نے اپنی پہلی اننگز میں 474 رنز بنائے تھے ۔