لابوشین نے کوہلی سے تیسرا مقام چھین لیا، سراج کی لمبی چھلانگ

   

دبئی ۔ آسٹریلیائی بیٹسمین مارنس لابوشین جنہوں نے برسبین ٹسٹ میں سنچری اسکور کی ہے، اس سنچری کی بدولت انہوں نے ہندوستانی کپتان ویراٹ کوہلی سے تیسرا مقام چھین لیا ہے۔ کوہلی کے نام 862 نشانات درج ہیں، جبکہ لابوشین نے 878 نشانات کے ذریعہ کریر میں پہلی مرتبہ ان نشانات کے حصول کے ساتھ تیسرا مقام حاصل کرلیا ہے۔ کوہلی دورہ آسٹریلیا میں تین ٹسٹ مقابلے نہیں کھیل پائے تھے۔ نوجوان اوپنر شبھ من گل جنہوں نے دوسری اننگز میں اہم ترین 91 رنز اسکور کئے، جس کی بدولت وہ 68 ویں مقام سے بڑی چھلانگ لگاتے ہوئے 47 ویں مقام پر پہنچ گئے ہیں۔ سیریز میں ہندوستان کیلئے سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے حیدرآبادی فاسٹ بولر محمد سراج 32 مقامات کی چھلانگ لگاتے ہوئے 45 واں مقام حاصل کرلیا ہے۔ محمد سراج جنہوں نے برسبین ٹسٹ میں کریر کی پہلی 5 وکٹیں حاصل کرنے کا کارنامہ انجام دیا ہے۔ برسبین ٹسٹ میں اپنے کریر کا آغاز کرنے والے واشنگٹن سندر کے علاوہ شردول ٹھاکر کو بھی درجہ بندی میں ترقی ملی ہے۔ واشنگٹن نے 82 ویں مقام کے ذریعہ درجہ بندی میں داخلہ حاصل کیا ہے جوکہ بیٹنگ زمرہ میں ان کا مقام ہے جبکہ بولنگ میں 97 واں مقام حاصل کیا ہے۔