آر جے ڈی سربراہ کی ضمانت منسوخی پرسی بی آئی کا سوال
نئی دہلی: چارہ اسکام میں آر جے ڈی سربراہ لالو پرساد یادو کی ضمانت منسوخی پر جمعہ کو سپریم کورٹ میں سماعت ہوئی۔ لالو یادو کے وکیل کپل سبل نے عدالت میں کڈنی ٹرانسپلانٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ سی بی آئی لالو کو دوبارہ جیل بھیجنا چاہتی ہے۔ اس کی مخالفت کرتے ہوئے سی بی آئی کے وکیل نے کہا کہ لالو یادو بیڈمنٹن کھیل رہے ہیں۔ ان کی ضمانت کا فیصلہ بھی غلط تھا۔ اب اس معاملے کی سماعت 17 اکتوبر کو ہوگی۔ 18 اگست کو سی بی آئی نے چارہ اسکام معاملے میں جھارکھنڈ ہائی کورٹ کے فیصلے کیخلاف سپریم کورٹ میں عرضی داخل کی تھی، جسے عدالت نے قبول کر لیا۔سی بی آئی نے عرضی میں کہا ہے کہ جھارکھنڈ ہائی کورٹ کے ضمانتی حکم کی بنیاد غلط ہے۔ لالو یادو نے اپنی سزا کے مطابق جیل میں وقت نہیں گزارا ہے۔ سماعت سے پہلے وزیر تیج پرتاپ یادو نے کہا : ہمیں عدالت پر بھروسہ ہے۔اس معاملے پر چیف منسٹر بہار نتیش کمار نے کہا ہے کہ غریبوں کو پریشان کیا جا رہا ہے، سب جانتے ہیں۔ سی بی آئی جان بوجھ کر لالو یادو کو پریشان کر رہی ہے۔ مرکز کی طرف سے ہر ایک کو پریشان کیا جا رہا ہے۔