پٹنہ 25 مئی (یواین آئی) راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے سربراہ لالو پرساد یادو نے اپنے بڑے بیٹے تیج پرتاپ یادو کو پارٹی اور خاندان سے نکال دیا ہے ۔ تیج پرتاپ یادو کی ایک خاتون کے ساتھ تصویر اور ویڈیو وائرل ہونے کے بعد مسٹر لالویادو نے اتوار کو سوشل نیٹ ورکنگ سائٹ فیس بک پر پوسٹ کرکے اپنے بڑے بیٹے کو پارٹی اور خاندان سے نکالے جانے کی اطلاع دی۔ انہوں نے فیس بک پر لکھا کہ ذاتی زندگی میں اخلاقی اقدار کو نظر انداز کرنا سماجی انصاف کے لیے ہماری اجتماعی جدوجہد کو کمزور کرتاہے ، بڑے بیٹے کی سرگرمیاں، عوامی طرز عمل اور غیر ذمہ دارانہ رویہ ہمارے خاندانی اقدار اور سنسکار کے مطابق نہیں ہے ، اس لیے مندرجہ بالا حالات کے پیش نظر میں اسے پارٹی اور خاندان سے نکالتا ہوں، اب سے پارٹی اور خاندان میں اس کا کسی بھی قسم کا کردار نہیں رہے گا ۔ اسے چھ سال کیلئے پارٹی سے باہرکیاجاتاہے ۔