25 ہزار افراد کی شرکت، چیف منسٹر مہمان خصوصی، قوالی کا پروگرام شامل
حیدرآباد۔/21 اگسٹ، ( سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت کی جانب سے آزادی کی 75 سالہ تقاریب کا کل 22 اگسٹ کو لال بہادر اسٹیڈیم میں اختتام عمل میں آئیگا۔ اسٹیڈیم میں رنگارنگ تقریب و مختلف کلچرل پروگراموں کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ اور ریاستی وزراء اختتامی تقریب میں شرکت کریں گے۔ اسٹیڈیم کو خوبصورتی سے سجایا گیا ۔ جن تہذیبی پروگراموں کو قطعیت دی گئی ان میں قوالی بھی شامل کی گئی۔ بتایا جاتا ہے کہ تقاریب کمیٹی کے صدرنشین کیشو راؤ کی تجویز پر چیف منسٹر نے قوالی کے پروگرام کو منظوری دی۔ ریاست کے مختلف اضلاع سے 25 ہزار سے زائد افراد کی شرکت متوقع ہے اور پولیس نے اسٹیڈیم کے اطراف ٹریفک تحدیدات عائد کی ہیں۔ اسی دوران چیف سکریٹری سومیش کمار اور ڈائرکٹر جنرل پولیس مہیندر ریڈی نے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ اسٹیڈیم کا معائنہ کیا۔ چیف سکریٹری نے بتایا کہ بڑے پیمانے پر اہم شخصیتوں اور عوام کی شرکت کے پیش نظر پارکنگ کے وسیع تر انتظامات کئے گئے ہیں۔ اہم شخصیتوں کیلئے خصوصی پاس جاری کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اضلاع سے آنے والے افراد کو اپنے مقرر کردہ مقامات پر گاڑیوں کی پارکنگ کرنی چاہیئے۔ بارش سے بچاؤ کیلئے واٹر پروف شامیانہ نصب کیا گیا ہے۔ گزشتہ دو ہفتوں کے دوران مختلف پروگراموں کی جھلکیوں پر مشتمل آڈیو ویژیول پریزنٹیشن دیا جائے گا۔ تین گھنٹے طویل اختتامی تقریب میں مشہور ڈائرکٹر شنکر مہادیون اور دیگر فنکار پروگرام پیش کریں گے۔ چیف سکریٹری نے بک فیسٹول کا معائنہ کیا جہاں مہاتما گاندھی و دیگر مجاہدین آزادی کی کتابیں ہیں۔ اس موقع پر اڈیشنل ڈائرکٹر جنرل پولیس جتیندر، سکریٹری جی اے ڈی شیشادری، سکریٹری پنچایت راج سندیپ کمار سلطانیہ، کمشنر کالجیٹ ایجوکیشن نوین متل، کمشنر جی ایچ ایم سی لوکیش کمار اور دیگرعہدیدار موجود تھے۔ر