لاولد لوگوں پر تنقید کرنے والے جاپانی وزیر کی معذرت خواہی

   

ٹوکیو ۔ 5 فبروری ۔(سیاست ڈاٹ کام) جاپان کے وزیر مالیات تارو آسو نے ملک میں سماجی سکیوریٹی کے بڑھتے ہوئے اخراجات کیلئے لاولد لوگوں کے علاوہ ملک کے ضعیف لوگوں اور آبادی کی گرتی ہوئی شرح کو مورد الزام ٹھہرایا تھا تاہم اپنے اس بیان پر انھوں نے کچھ گوشوں سے سخت اعتراض کے بعد بادل نخواستہ معذرت خواہی کرتے ہوئے کہاکہ اُن کے بیان سے اگر جن لوگوں کو ناگوار گزار ہو تو وہ معذرت خواہی کرتے ہیں ۔ انھوں نے گزشتہ ہفتہ کے اواخر میں فکوٹکا میں منعقدہ ایک سمینار میں شرکت کے دوران مندرجہ بالا بیان دیا تھا ۔ 78 سالہ آسو جو جاپان کے سابق وزیراعظم بھی رہ چکے ہیں اور اب موجودہ وزیراعظم شینزو ابے کی حکومت میں کنزرویٹیو ( قدامت پسند) قانون سازوں میں شامل ہیں ، کئی بار یہ کہا ہے کہ جاپان کی سوشیل سیکوریٹی کے بڑھتے ہوئے اخراجات کے لئے ضعیف اور بے اولاد لوگ ذمہ دار ہیں۔ اُنھوں نے سیمینار میں شرکت کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایسے ہزاروں افراد ہیں جو ضعیف اور معمر افراد کو مورد الزام ٹھہراتے ہیں لیکن میری نظر میں بے اولاد لوگ ذمہ دار ہیں ۔ ان کا یہ بیان اُسی بیان کے تقریباً مماثل ہے جو انھوں نے 2014 ء میں دیا تھااور اُس وقت بھی اُنھیں شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا ۔