لاوڈ اسپیکر تنازع پر وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے دیا بڑا بیان، کہا: یہ سب بے کار کی باتیں ہیں، ہم لوگ مذہب میں مداخلت نہیں کرتے

   

نئی دہلی: لاؤڈ اسپیکر تنازع پر بہار کے وزیر اعلی نتیش کمار نے بڑا بیان دیا ہے۔ انہوں نے اس سارے تنازع کو بےکار قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ مذہبی معاملات میں مداخلت نہیں کرتے ہیں ۔ وزیر اعلی نتیش کمار کا یہ بیان ایسے وقت میں آیا ہے جب بی جے پی مسلسل مساجد سے لاؤڈ اسپیکر ہٹانے کا مطالبہ کر رہی ہے۔ ریاستی بی جے پی کے کئی بڑے لیڈروں نے یوگی ماڈل کو بہار میں لاگو کرنے کی بات بھی کی ہے۔ وہیں جے ڈی یو مسلسل بی جے پی کے مطالبہ سے دوری بنائے ہوئے تھی۔ اب خود وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے بھی اس پر ریاستی حکومت کا موقف واضح کردیا ہے۔ بتا دیں کہ بی جے پی مسلسل مساجد سے لاؤڈ اسپیکر ہٹانے کا مطالبہ کر رہی ہے۔ ساتھ ہی حکومت پر اس حوالے سے دباؤ ڈالنے کی بھی کوشش کر رہی ہے۔