کریم نگر۔/18 اگسٹ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)بروز ہفتہ ضلع کلکٹر نے سرکاری ہاسپٹل اچانک پہنچ کر تنقیح کی۔ اس موقع پر انہوں نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ سرکاری ہاسپٹل میں ڈاکٹر صبح حاضری رجسٹر میں دستخط کے بعد متعین کردہ وقت سے قبل ہاسپٹل سے چلے جانے اور خدمات کی انجام دہی میں کاہلی کے متعلق اطلاع فراہم ہوئی ہے، اس کے متعلق کارروائی کرتے ہوئے لاپرواہی برتنے والے ڈاکٹروں کے متعلقہ رپورٹ پیش کرنے کی ضلع کلکٹر نے ہاسپٹل سپرنٹنڈنٹ کو ہدایت دی۔ریاست تلنگانہ کی تشکیل کے بعد ضلع سرکاری ہاسپٹل کیلئے کئی سہولیات کی فراہمی اور بہتری کیلئے تجاویز کے پیش نظر رقم کی منظوری کی گئی۔ ہاسپٹل کے او پی بلاک پر نئے بلاک کی تعمیر کیلئے 2.5 کروڑ کی منظوری کی گئی۔اس کی بلاک کی تعمیر کے بعد قدیم ہاسپٹل کی عمارت میں موجود Beds کو اس میں منتقل کیاجائیگا۔ بعد ازاں قدیم ہاسپٹل کی عمارت کو توڑ کر حکومت کے منظور کردہ 6.5 کروڑ رقم سے جدید ملٹی اسپیشالٹی ہاسپٹل جو 8تا 10فلور پر مشتمل ہوگا کے تعمیری کاموں کا آغاز کیاجائے۔ انہوں نے مزید کہاکہ ہاسپٹل میں جلد ہی بائیو میٹرک سسٹم کا آغاز کیاجائیگا اور سی سی کیمرے نصب کئے جائیں گے۔ اس موقعہ پر کلکٹر نے ہاسپٹل کے تمام وارڈوں کی تنقیح کی مریضوں اور ڈاکٹروں سے بات کرتے ہوئے فراہم کئے جارہے علاج کے متعلقہ جانکاری حاصل کی۔ بعد ازاں ضلع کلکٹر نے زیر تعمیر بلاک کے تعمیری کاموں کا معائنہ کیا اور تعمیری کاموں کو تیزی سے مکمل کرنے کی ہدایت دی۔اس موقع پر ہاسپٹل سپرنٹنڈنٹ اجئے کمار، آر ایم او سریدھر ، ڈاکٹروں و دیگر نے شرکت کی۔
