نیٹ بے قاعدگیوں پر کل جماعتی اجلاس کے لیے کانگریس کا مطالبہ
حیدرآباد 20 جون (سیاست نیوز) کانگریس پارٹی نے نیٹ اور یو جی سی NET امتحانات میں بے قاعدگیوں پر وزیراعظم نریندر مودی کی خاموشی کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ نائب صدر پردیش کانگریس کمیٹی جی نرنجن نے کہاکہ ایک طرف لاکھوں طلبہ مسابقتی امتحانات میں بے قاعدگیوں کے سبب پریشان ہیں تو دوسری طرف نریندر مودی نالندہ یونیورسٹی بہار کے کیمپس کے افتتاح کے بعد فوٹو سیشن میں مصروف دیکھے گئے جو امتحانات کے بارے میں اُن کی غیر ذمہ داری کو ثابت کرتا ہے۔ نرنجن نے کہاکہ تقریباً 24 لاکھ طلبہ جنھوں نے نیٹ امتحانات میں حصہ لیا تھا، وہ بے قاعدگیوں کی اطلاع کے بعد اپنے مستقبل کو لے کر پریشان ہیں۔ نرنجن کے مطابق تقریباً 1563 طلبہ کو گریس مارکس دیئے گئے لیکن سپریم کورٹ کی مداخلت کے بعد مرکز نے گریس مارکس واپس لینے کا اعلان کیا۔ مرکزی وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان نے ابتداء میں بے قاعدگیوں کی پردہ پوشی کی کوشش کی بعد میں اعتراف کیاکہ چند ایک بے قاعدگیاں ہوئی ہیں۔ نیٹ امتحانات کے تنازعہ کو حل کرنے سے قبل ہی یو جی سی NET امتحانات میں بے قاعدگیوں کا پتہ چلا اور حکومت کو امتحانات منسوخ کرنے کا اعلان کرنا پڑا۔ یو جی سی NET کی سی بی آئی کے ذریعہ تحقیقات کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ نرنجن نے مرکز سے مطالبہ کیاکہ یو جی سی NET کی طرح نیٹ میں بے قاعدگیوں کی سی بی آئی سے جانچ کرائی جائے اور دوبارہ امتحانات منعقد کئے جائیں۔ اسسٹنٹ پروفیسرس اور جونیر ریسرچ فیلوشپ جیسے عہدوں کے لئے 11 لاکھ امیدواروں نے یو جی سی NET امتحان کے لئے رجسٹرڈ کرایا تھا۔ نیشنل سائبر کرائم ایجنسی نے بے قاعدگیوں کا پتہ چلنے پر اِس معاملہ کو سی بی آئی سے رجوع کردیا۔ نرنجن نے کہاکہ وزیراعظم نریندر مودی کو کل جماعتی اجلاس طلب کرتے ہوئے سپریم کورٹ کے برسر خدمت جج کے ذریعہ تحقیقات کا اعلان کرنا چاہئے۔ وزیراعظم نریندر مودی جو ’’چائے پہ چرچہ‘‘ کے لئے شہرت رکھتے ہیں، اُنھیں ’’پریکشا پہ چرچہ‘‘ کے ذریعہ طلبہ کے مسائل پر گفتگو کرنی چاہئے۔ 1