دفتر تحریک مسلم شبان پر ایوارڈز تقریب کا انعقاد
حیدرآباد ۔ 9 ۔ جون : ( پریس نوٹ ) : صدر دفتر تحریک مسلم شبان پر منعقدہ ایوارڈ تقریب برائے ’ لاک ڈاؤن ریلیف ہیروز ‘ منعقد ہوئی ۔ جناب محمدمشتاق ملک کی نگرانی میں تقریب کی پیش کردہ قرار داد میں جامعہ ملیہ اسلامیہ دہلی ، دہلی کے دیگر طلبہ اور علی گڑھ مسلم یونیورسٹی طلباء وطالبات کے علاوہ سماجی جہد کاروں کی گرفتاری اور مقدمات کی شدید مذمت کی گئی اور ان کی رہائی کا مطالبہ کیا اور مسلم مسائل پر ایک آواز ہونے اور جہد مسلسل کے لیے سب ہی نے زور دیتے ہوئے ملی مسائل پر جماعت اور تنظیموں سے بلند ہو کر جدوجہد کرنے کا عزم کیا گیا ۔ جناب محمد مشتاق ملک نے اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ فرقہ پرستوں کے منہ پر ہندوستانی مسلمانوں نے بلا تفریق مذہب و ملت ریلیف کا کام کر کے طمانچہ رسید کیا ہے ۔ آر ایس ایس اور وشوا ہندو پریشد و دیگر فرقہ پرست تنظیمیں اس تکلیف کے دور میں عوام کی مدد کرنے سے قاصر نظر آئیں ۔ بین الاقوامی اداروں نے مائیگرینٹس لیبر کو مدد پہنچانے کا مسلمانوں نے جو کام کیا اور اپنی مساجد اور درگاہوں کو دیہاتوں اور گاؤں میں مدد کے لیے کھول دیا جمہوریت اور انسانیت پسندوں نے اس کی بڑی ستائش کی ۔ تمام جماعتوں اور مذہبی جہد کاروں نے لاک ڈاؤن کے دوران ان طلبہ کی گرفتاری کو فرقہ وارانہ خطوط پر جمہوری جدوجہد کو دبانے کی کوشش قرار دیا ۔ مطالبہ کیا گیا کہ صفورہ زرگر ، شرجیل امام و گل افشاں و دیگر کو فوری رہا کیا جائے ۔ جوائنٹ ایکشن کمیٹی این پی آر ، این آر سی اور سی اے اے تلنگانہ و آندھرا پردیش کی دیگر جماعتوں نے اس گرفتاری کی شدید مذمت کی جس میں ڈاکٹر کمار ، پروفیسر وشویشور راؤ ، جناب عقیل انصاری ، جمعیت العلماء کونسل دیگر شامل ہیں ۔ تحریک مسلم شبان کے دفتر پر لاک ڈاؤن کے دوران مختلف تنظیموں ، اداروں اور فاونڈیشنس کی جانب سے انسانی جذبے کی بنیاد پر شب و روز ریلیف اور دیگر امداد کا کام کرنے والوں کو ’ کوویڈ 19 ریلیف ہیروز ‘ کا ایوارڈ اور دیدہ زیب سرٹیفیکٹ دیا گیا ۔ اس تقریب کو دیگر نے بھی مخاطب کیا ۔ تقریب میں جناب محمد مشتاق ملک صدر تحریک مسلم شبان ، مولانا مفتی عبدالمغنی جمعیت العلماء ، مولانا نصیر الدین وحدت اسلامی ، مفتی شفیق عالم جامعی جمعیت اہلحدیث ، مفتی معراج الدین ابرار ، جناب سید نظام الدین ترجمان ریاستی کانگریس ، جناب فیروز خاں قائد کانگریس ، جناب عبداللہ سہیل صدر اقلیتی سیل کانگریس ، جناب عثمان محمد خاں انسان فاونڈیشن ، جناب عبدالمتین احمد فاونڈیشن ، جناب شکیل ایڈوکیٹ ، ڈاکٹر سید عظیم الدین ، جناب علی بن ابراہیم مسقطی ٹی ڈی پی قائد ، ایس اے منان سی پی آئی ، و کئی سماجی جہدکاروں نے شرکت کی ۔۔
