لاک ڈاؤن سے مائیگرینٹ ورکرس کو سب سے زیادہ تکلیف : راہول

,

   

وزیراعظم نے لاک ڈاؤن نفاذ کے وقت مائیگرینٹس کی مشکلات کی پرواہ نہیں کی ، مزدوروں کے کھاتہ میں رقم جمع کرانا ضروری

نئی دہلی، 23 مئی (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے کہا ہے کہ کورونا نے متعدد لوگوں کو تکلیف پہنچائی ہے لیکن سب سے زیادہ درد اس نے مہاجر مزدوروں کو دیا ہے جنہیں ماراپیٹا گیا، روگا گیا، ڈرایا دھمکایا گیا لیکن وہ رکے نہیں اور اپنے گھروں کی جانب چلتے رہے ۔ مسٹر گاندھی نے ہفتہ کے روز مہاجر مزدوروں کے ساتھ بات چیت کی ایک ویڈیو جاری کرتے ہوئے کہا کہ مزدوروں کو ڈرنے کی کوئی ضرورت نہیں ہے ۔ وہ ان کی پریشانیوں کو دور کرنے اور انہیں ان کے گھروں تک پہنچانے کی کوشش کررہے ہیں۔ انہوں نے ہریانہ سے اپنے گھر واپس لوٹ رہے اترپردیش کے کچھ مزدوروں کے ساتھ بات چیت کرکے ان کے مسائل سنتے ہوئے کہا کہ روزی روٹی چھن جانے کی وجہ سے پریشان ہزاروں مزدور سینکڑوں کلومیٹر پیدل چل کر اپنے گھر جارہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ مزدور صرف کام چاہتے ہیں۔ مہاجر مزدور سب سے زیادہ اس بات سے پریشان ہیں کہ وزیراعظم نریندر مودی نے لاک ڈاؤن نافذ کرتے وقت ان کی پرواہ نہیں کی اور اچانک لاک ڈاؤن کا اعلان کردیا۔ مزدور اس سے بھی پریشان ہیں کہ لاک ڈاؤن مسلسل بڑھایا جارہا ہے اور انہیں اپنے گھر جانے کا موقع نہیں مل رہا ہے ۔ کام نہ ہونے کی وجہ سے مزدور صرف اپنے گھروں تک پہنچنا چاہتے ہیں اسی لئے وہ پیدل چل رہے ہیں۔ویڈیو میں مزدوروں نے کانگریس لیڈر سے کہا کہ لاک ڈاؤن نافذ کرنے سے پہلے مسٹر مودی کو یہ سوچنا چاہئے تھا کہ اس ملک میں غریب بھی رہتے ہیں جو دن میں کماتے ہیں اور شام کو اسی کمائی سے پیٹ بھرتے ہیں۔ انہیں غریبوں کا دھیان رکھنا چاہئے تھا اور اسی لحاظ سے فیصلہ کرنا چاہئے تھا ، لیکن وہ ہمیشہ کی طرح اچانک ٹی وی پر آئے اور ملک بھر میں لاک ڈاؤن نافذ کردیا۔راہول نے کہا کہ حکومت کو چاہئے کہ وہ ان مزدوروں کو ان کے گھروں تک پہنچائے اور حکومت کو 13 کروڑ ضرورت مند کنبوں کی فوری مدد کرنی چاہئے اور ان کے کھاتے میں 7500 روپے جمع کرنے چاہئے تاکہ انہیں مزید کسی بحران کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔کانگریس لیڈر نے پہلے بھی کئی دفعہ حکومت کو مشورہ دیا ہے کہ مزدوروں کی رقمی مدد ناگزیر ہے ۔

ملک میں 4کروڑ مائیگرینٹس ، 75 لاکھ کی واپسی
نئی دہلی ۔ /23 مئی (سیاست ڈاٹ کام) مرکز نے آج کہا کہ تقریباً 4کروڑ مائیگرینٹ ورکرس ملک کے مختلف حصوں میں مختلف کاموں میں مشغول ہیں اور ابھی تک ملک گیر لاک ڈاؤن لاگو کئے جانے کے بعد سے ان میں سے 75 لاکھ مزدور ٹرینوں اور بسوں کے ذریعہ اپنے آبائی مقام کو واپس ہوئے ہیں ۔ مرکزی وزارت داخلہ کے جوائنٹ سکریٹری پی ایس سریواستو نے کہا کہ ریلوے نے مائیگرینٹ ورکرس کو ملک کے مختلف حصوں سے ان کی منزلوں تک پہونچانے کیلئے یکم مئی سے زائد از 2600 خصوصی ٹرینیں چلائے ۔ اس کے علاوہ بسوں کے ذریعہ بھی 40 لاکھ مائیگرینٹس واپس ہوئے ہیں ۔ /19 اپریل کو ورکرس کو اندرون ریاست نقل و حرکت اور پھر یکم مئی سے بین ریاست منتقلی کی اجازت دی گئی ۔

آئندہ 10 یوم میں مائیگرینٹس کیلئے 2600 خصوصی ٹرینیں
نئی دہلی ۔ /23 مئی (سیاست ڈاٹ کام) ریلوے نے ملک بھر میں آئندہ 10 یوم کے دوران مزید 2600 خصوصی ٹرینیں چلانے کا شیڈول ترتیب دیا ہے جس کے ذریعہ تقریباً 36 لاکھ مائیگرینٹ ورکرس اپنی آبائی ریاستوں کو واپس پہونچ سکیں گے ۔ یہ لوگ کورونا وائرس لاک ڈاؤن کے سبب پھنس گئے ہیں ۔ ریلوے بورڈ چیرمین وی کے یادو نے آج کہا کہ ملک بھر میں 1000 ٹکٹ کاؤنٹرس کھولے جارہے ہیں۔