لاک ڈاؤن سے متاثر صحافیوں کی مدد کرنے حکومت کو ہائی کورٹ کی ہدایت

   

حیدرآباد۔ کورونا لاک ڈاؤن سے معاشی طور پر متاثر صحافیوں کے تحفظ کا مطالبہ کرتے ہوئے تلنگانہ ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی گئی۔ ہائی کورٹ نے حکومت کو ہدایت دی کہ وہ درخواست گذار کی جانب سے پیش کردہ مسائل کا جائزہ لیتے ہوئے ضروری کارروائی کرے۔ جسٹس ابھیشک ریڈی نے اس سلسلہ میں احکامات جاری کئے۔ شاد نگر سے تعلق رکھنے والے ایک صحافی ایم ست نارائنا نے ہائی کورٹ میں درخواست دائر کرتے ہوئے اپیل کی کہ لاک ڈاؤن سے معاشی طور پر متاثر ہونے والے صحافیوں کا حکومت کی جانب سے تحفظ کیا جانا چاہیئے۔ درخواست گذار کی جانب سے وی رگھوناتھ نے بحث کی۔ عدالت کو بتایا گیا کہ اس سلسلہ میں حکومت سے نمائندگی کی گئی تھی لیکن کوئی خاطر خواہ نتیجہ برآمد نہیں ہوا۔ لاک ڈاؤن سے متاثرہ وکلاء کی مدد کیلئے حکومت نے 25 کروڑ روپئے منظور کئے ہیں۔ اسی طرح صحافیوں کے تحفظ کیلئے بھی رقم مختص کی جائے۔ عدالت کو بتایا گیا کہ کورونا کے سبب ایک نوجوان صحافی کی موت واقع ہوئی ہے۔ جج نے درخواست میں پیش کئے گئے مسائل کا جائزہ لیتے ہوئے یکسوئی کی حکومت کو ہدایت دی۔