لاک ڈاؤن سے مرکزی وزیر کشن ریڈی بھی بچ نہ سکے

   

والدہ کی برسی پر ویڈیو کانفرنسنگ سے شرکت
حیدرآباد۔ 14 اپریل (سیاست نیوز) ریاست میں لاک ڈاؤن کے سبب نہ صرف عام آدمی بلکہ اہم شخصیتیں بھی مسائل کا سامنا کرنے پر مجبور ہیں۔ مرکزی مملکتی وزیر داخلہ جی کشن ریڈی لاک ڈاؤن کے سبب نئی دہلی تک محدود ہوچکے ہیں اور لاک ڈاؤن کے آغاز کے بعد سے وہ اپنے گھر والوں سے نہیں مل سکے۔ تمام گھریلو پروازوں کے منسوخ ہونے کے سبب مرکزی وزراء نئی دہلی میں عملاً کورنٹائن ہوچکے ہیں۔ کشن ریڈی کو آج اس وقت اپنے گھر والوں سے دُوری کا احساس ہوا جب انہیں اپنی والدہ کی برسی منانی تھی۔ برسی کے سلسلے میں مذہبی رسومات کی انجام دہی کے لئے وہ گھر والوں کے درمیان نہیں رہ سکے۔ نئی دہلی میں اپنی قیام گاہ پر کشن ریڈی نے مذہبی تقریب منعقد کی اور خصوصی پوجا کی۔ بتایا جاتا ہے کہ ان کی شریک حیات، بچے اور بھائی آبائی گاؤں تماپور سے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ اس پروگرام میں شریک ہوئے۔ وزیر داخلہ کی حیثیت سے وہ خصوصی طیارے کا استعمال کرسکتے ہیں لیکن کشن ریڈی لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کیلئے تیار نہیں، لہذا انہوں نے دہلی میں اپنی قیام گاہ پر مذہبی تقریب منعقد کی۔