لاک ڈاؤن مدت کا برقی و آبرسانی بل معاف کیا جائے

   

سی ایم ریلیف فنڈ سے پابجائی ، چیف منسٹر کو اقلیتی قائد سمیر ولی اللہ کا مکتوب

حیدرآباد۔/23 مئی، ( سیاست نیوز) کانگریس پارٹی نے تلنگانہ حکومت سے مطالبہ کیا کہ لاک ڈاؤن کی مدت کا برقی اور آبرسانی کا بل معاف کردیا جائے اور چیف منسٹر ریلیف فنڈ کو موصول ہونے والے عطیات سے اس کی پابجائی کی جائے۔ حیدرآباد سٹی کانگریس مائیناریٹی ڈپارٹمنٹ کے صدرنشین سمیر ولی اللہ نے اس سلسلہ میں چیف منسٹر کے سی آر کو مکتوب روانہ کیا اور کہا کہ دو ماہ سے زائد عرصہ سے لاک ڈاؤن جاری ہے جس کے نتیجہ میں غریب اور متوسط طبقات غیر معمولی مشکلات سے دوچار ہیں، ہزاروں افراد روزگار سے محروم ہوگئے اور انہیں اپنے خاندان کی کفالت دشوار کن مسئلہ بن چکی ہے۔ ان حالات میں برقی اور آبرسانی بلز کی وصولی کی مہم ترک کرتے ہوئے حکومت کو تمام زمروں کا برقی اور آبرسانی بل معاف کرنے کا اعلان کرنا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ 22 مارچ سے جنتا کرفیو کے ساتھ لاک ڈاؤن کا آغاز ہوا اور عوام نے مکمل تعاون کیا۔ ملک کی معیشت بری طرح متاثر ہوئی ہے اور صنعتوں کے بند ہونے سے ہزاروں افراد روزگار سے محروم ہوگئے۔ سمیر ولی اللہ نے کہا کہ لاک ڈاؤن کے دوران عوام نے اپنے پاس موجود سرمایہ کو زندگی گذارنے کیلئے خرچ کردیا اور وہ برقی اور آبرسانی بلز کی ادائیگی کے موقف میں نہیں ہیں۔ محکمہ برقی کی جانب سے آن لائن بلز ادا کرنے پر اصرار کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر ریلیف فنڈ میں کوویڈ۔19 سے نمٹنے کیلئے بھاری عطیات وصول ہوئے ہیں۔ حکومت کو یہ رقم غریب اور متوسط طبقات کے برقی اور آبرسانی بلز پر خرچ کرنا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ سفید راشن کارڈز ہولڈرس کیلئے 12 کیلو چاول اور 1500 روپئے امداد کا اعلان کیا گیا جو ناکافی ہے۔ تلنگانہ کی دو تہائی آبادی کا تعلق اوسط طبقات سے ہے اور وہ روزمرہ کی ضروریات کی تکمیل کیلئے مالی دشواریوں کا سامنا کررہے ہیں۔ سمیر ولی اللہ نے کہا کہ اگر برقی اور آبرسانی کے بلز معاف نہیں کئے گئے تو پارٹی عدالت سے رجوع ہونے پر غور کرے گی۔