لاک ڈاؤن مدت کی تنخواہ اور پنشن کے بقایا جات کی ادائیگی کا فیصلہ

   

عہدیداروں ، ملازمین اور پنشنرس کو اقساط میں ادائیگی
حیدرآباد: تلنگانہ حکومت نے لاک ڈاون کی مدت کے دوران عہدیداروں و ملازمین کی تنخواہوں میں کی گئی کٹوتی کے بقایا جات کی ادائیگی کا فیصلہ کیا ہے۔ پرنسپال سکریٹری فینانس کے رام کرشنا راؤ کی جانب سے جی او ایم ایس 61 جاری کیا گیا جس میں کہا گیا ہے کہ حکومت نے سرکاری ملازمین بشمول انڈین ایڈمنسٹریٹیو سرویس آفیسر ، عوامی نمائندوں ، وظیفہ یابوں اور دیگر افراد کو مارچ ، اپریل اور مئی کی جزوی ادائیگی باقی ہے۔ حکومت نے اقساط میں عہدیداروں ، ملازمین اور وظیفہ یابوں کو بقایا جات کی ادائیگی کا فیصلہ کیا ہے۔ وظیفہ یاب ملازمین کو بقایا جات اکتوبر اور نومبر میں دو اقساط میں ادا کئے جائیں گے ۔ آل انڈیا سرویس عہدیداروں ، گزیٹیڈ ، نان گزیٹیڈ ، کلاس IV ایمپلائیز ، کنٹراکٹ/ آؤٹ سورسنگ / اعزازی اور دیگر ملازمین کے علاوہ منتخب عوامی نمائندوں کو رقم کی ادائیگی چار اقساط میں ہو گی۔ اکتوبر ، نومبر ، ڈسمبر 2020 اور جنوری 2021 ء میں بقایا جات ادا کئے جائیں گے۔ عوامی شعبہ کے اداروں ، حکومت کے امدادی اداروں ، تنظیموں کے ملازمین کی تخفیف کردہ تنخواہ ، پنشن اور اعزازیہ سرکاری ملازمین اور پنشنرس کی طرح ادا کئے جائیں گے۔