لاک ڈاؤن مدت کے پولیس چالانات ختم کرنے کا مطالبہ

   

ہیلمٹ چالانات روک دیئے جائیں، اسمبلی میں مجلسی رکن کی توجہ دہانی
حیدرآباد: وزیر داخلہ محمد محمود علی نے کورونا لاک ڈاؤن کی مدت کے دوران عوام کے خلاف پولیس چالانات کا جائزہ لینے کا تیقن دیا۔ اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران مجلس کے ممتاز احمد خاں نے یہ مسئلہ اٹھایا۔ انہوں نے کہا کہ مارچ میں لاک ڈاؤن کے آغاز کے بعد سے ٹریفک چالانات میں اضافہ ہوا ہے۔ لاک ڈاؤن میں رعایت کے دوران ضروری کاموں کے لئے نکلنے والے لاکھوں افراد کے خلاف ٹریفک پولیس نے چالانات کئے ہیں۔ عوامی نمائندوں نے ہزاروں گاڑیوں کو پولیس سے ریلیز کرانے کا کام کیا ہے۔ باوجود اس کے ابھی بھی کئی ہزار گاڑیاں اور ان کے دستاویزات پولیس کی تحویل میں ہیں ۔ انہوں نے ہیلمٹ چالانات کا سلسلہ بند کرنے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ پرانے شہر سے عابڈس تک پہنچنے کے دوران بمشکل 20 کیلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے 2 وہیلرس چلائی جاتی ہیں۔ اس کے باوجود چالانات کا سلسلہ جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ گاڑیوں کی رفتار میں کمی کے پیش نظر ہیلمٹ کے نام پر چالانات کا سلسلہ بند کیا جائے ۔ ممتاز احمد خاں نے تمام ضبط شدہ گاڑیوں اور ان کے ڈاکومینٹس جاری کرنے اور چالانات روکنے کا مطالبہ کیا۔