غیر کورونا مریضوں کیلئے کنٹرول روم ، دواخانوں کے خلاف کارروائی کیلئے کانگریس کا مطالبہ
حیدرآباد۔ کانگریس پارٹی نے لاک ڈاؤن کے دوران مریضوں اور خاص طور پر حاملہ خواتین کو دواخانہ منتقلی کیلئے مشکلات کی شکایت کی اور کہا کہ ایک حاملہ خاتون کی پولیس کے رویہ کے نتیجہ میں سڑک پر موت واقع ہوچکی ہے۔ کانگریس نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ موجودہ لاک ڈاؤن کے پیش نظر حاملہ خواتین کی دواخانہ منتقلی کیلئے علحدہ ایمبولنس گاڑیوں کا انتظام کرے۔ صدر حیدرآباد کانگریس کمیٹی میناریٹی ڈپارٹمنٹ سمیر ولی اللہ نے الزام عائد کیا کہ سرکاری اور خانگی دواخانے حاملہ خواتین کو شریک کرنے سے انکار کررہے ہیں اور کورونا ٹسٹ اور دیگر ٹسٹ پر اصرار کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کی اس طرح کی پابندیوں کے سبب طبیعت بگڑ رہی ہے لیکن دواخانوں کا رویہ غیرانسانی ہے۔ سمیر ولی اللہ نے بتایا کہ حیدرآباد میں سلطان بازار علاقہ کی پوانی نامی خاتون کو 5 دواخانوں میں شریک کرنے سے انکار کیا گیا جس کے نتیجہ میں ایمبولنس میں موت واقع ہوگئی۔ حکومت کو چاہیئے کہ وہ دواخانوں کے خلاف دوہرے قتل کا مقدمہ درج کرے کیونکہ خاتون کے ساتھ اس کے بچہ کی موت واقع ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے جب سے وزارت صحت کا قلمدان سنبھالا ہے ریاست میں محکمہ صحت کی صورتحال ابتر ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر ریاست میں شہریوں کی اموات سے بے حس ہوچکے ہیں۔ سمیر ولی اللہ نے کہا کہ کوئی بھی انسانی ہمدردی کا جذبہ رکھنے والا شخص حاملہ خواتین کے ساتھ اس طرح کے رویہ کو قبول نہیں کرسکتا۔ سمیر ولی اللہ نے کہا کہ ریاستی حکومت کو غیر کوویڈ مریضوں بالخصوص حاملہ خواتین کو بھی علاج کے سلسلہ میں مکمل ترجیح دینی چاہیئے۔ عوام کو مریضوں بالخصوص حاملہ خواتین کو دواخانہ منتقل کرنے کیلئے سواریوں کا انتظام نہیں ہے۔ حکومت کو چاہیئے کہ غیر کوویڈ مریضوں کے علاج پر توجہ مرکوز کرے۔ انہوں نے کہا کہ حاملہ خواتین کے مسائل کے حل کیلئے حکومت کو خصوصی کنٹرول روم قائم کرنا چاہیئے اور حکومت کی جانب سے منتقلی کا انتظام کیا جائے۔ کورونا کی صورتحال میں دواخانے لوٹ کھسوٹ پر اُتر آئے ہیں۔ نارمل ڈیلیوری کیلئے دیڑھ تا دو لاکھ روپئے وصول کئے جارہے ہیں۔ کورونا کا علاج کارپوریٹ دواخانوں کیلئے منافع بخش تجارت بن چکی ہے لہذا وہ دیگر مریضوں پر توجہ دینے کیلئے تیار نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر مریض سے کم از کم 10 لاکھ روپئے وصول کئے جارہے ہیں۔ سمیر ولی اللہ نے کورونا سے فوت ہونے والے افراد کے پسماندگان کو ایکس گریشیا کی ادائیگی کا مطالبہ کیا۔