لاک ڈاؤن پر سختی سے عمل آوری کیلئے حیدرآباد 17 زونس میں تقسیم

   

محکمہ جاتی عہدیداروں کا تقرر، ریاستی وزیر ٹی سرینواس یادو کا جائزہ اجلاس
حیدرآباد۔ 14 اپریل (سیاست نیوز) وزیر افزائش مویشیان سرینواس یادو نے کہا کہ گزشتہ چند دنوں میں گریٹر حیدرآباد کے حدود میں کورونا پازیٹیو کیسیس میں اضافہ کے بعد چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے 126 نو انٹری زونس پر خصوصی توجہ مرکوز کرنے کی ہدایت دی ہے۔ گریٹر حیدرآباد کے حدود میں 126 کنٹین منٹ (نو انٹری زون) بنائے گئے جن میں لاک ڈاؤن پر سختی سے عمل کرتے ہوئے گھر گھر صحت کے بارے میں معلومات حاصل کی جارہی ہیں۔ سرینواس یادو نے آج اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد کیا، بعد میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کی ہدایت پر حیدرآباد کو 17 زونس میں تبدیل کیا گیا ہے تاکہ وائرس کے پھیلاؤ پر کنٹرول کیا جاسکے۔ ہر زون کیلئے ایک اسپیشل میڈیکل آفیسر، میونسپل آفیسر، پولیس آفیسر اور ریوینیو آفیسر رہے گا۔ میئر حیدرآباد بی رام موہن کے ہمراہ سرینواس یادو نے 17 زونس میں لاک ڈاؤن کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ سختی سے عمل کریں تاکہ وائرس کے کمیونٹی ٹرانسمیشن کو روکا جاسکے۔ 17 زونس میں عوام کو بنیادی ضرورتوں اور اشیائے ضروریہ کی سربراہی کے اقدامات کئے جائیں گے۔ سرینواس یادو نے کہا کہ گریٹر حیدرآباد حدود میں غیرمقامی ورکرس کی کثیر تعداد بستی ہے۔ 36,000 غیرمقیم ورکرس کو حیدرآباد میں چاول اور نقدی رقم فراہم کی گئی ہے۔ تمام نو انٹری زون کے علاقوں میں کیمیاوی ادویات کا چھڑکاؤ کیا جارہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ لاک ڈاؤن کا فائدہ اٹھاکر گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن نے سڑکوں کی تعمیر و مرمت اور فلائی اوورس کی تعمیر کا کام تیز کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سفید راشن کارڈ ہولڈرس کو چاول کی تقسیم کا کام جاری ہے۔ 90% خاندانوں کو چاول تقسیم کیا گیا۔ گریٹر حیدرآباد حدود میں ایک لاکھ 80,000 غیرمقیم ورکرس کی نشاندہی کی گئی ہے۔ روزانہ 95,000 افراد کو اَناپورنا اسکیم کے تحت غذا سربراہ کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ برقی اور پانی موثر سربراہی کو یقینی بنایا گیا ہے۔