لاک ڈاؤن کے دوران تھلیسمیا متاثرین کو خون کا عطیہ

   

جسٹس چلا کودنڈا رام نے بھی خون کا عطیہ دیا ، عطیہ دہندگان کو سفری سہولتیں
حیدرآباد۔14اپریل(سیاست نیوز) جسٹس چلا کودنڈا رام تلنگانہ ہائی کورٹ نے تھلیسمیا کے متاثرین کے لئے خون کا عطیہ دیا ۔ لاک ڈاؤن کے سبب تھلیسمیا کے متاثرین کو خون کی قلت سے نمٹنے کے لئے حکومت کی جانب سے اقدامات اور محکمہ صحت کی جانب سے ہدایات کے باوجود عوامی رجحان میں بہتری ریکارڈ نہیں کی جا رہی ہے جبکہ تھلیسمیا کئیر سوسائیٹی کی جانب سے خون کے عطیہ دہندگان کو سفری سہولت فراہم کرنے کا اعلان کیا جا رہا ہے اس کے باوجود تھلیسمیا کے متاثرین کے لئے خون کے عطیہ دہندگان کی قلت ریکارڈ کی جا رہی ہے۔ تلنگانہ ہائی کورٹ کے جسٹس چلا کودنڈا رام نے تھلیسمیا اسکل کئیر سوسائیٹی کے بلڈ بینک پہنچ کر خون کا عطیہ دیتے ہوئے شہر حیدرآباد کے عوام بالخصوص نوجوانوں کو تھلیسمیا کے متاثرین کو خون کا عطیہ دینے کی اپیل کی ۔ اس موقع پر جناب مرزا علیم بیگ نے جسٹس چلا کودنڈا رام کا بلڈ بینک میں خیر مقدم کرتے ہوئے انہیں بلڈ بینک میں فراہم کی جانے والی سہولتوں اور ریاست تلنگانہ میں موجود تھلیسمیا کے مریضوں کی تفصیلات کے علاوہ موجودہ لاک ڈاؤن کی صورت میں کئے جانے والے اقدامات سے واقف کروایا ۔ انہوں نے تھلیسمیا متاثرین کے خون کے عطیہ کی وصولی کے دوران کورونا وائرس سے محفوظ رہنے کیلئے علامی ادارۂ صحت کے رہنمایانہ خطوط پر کی جانے والی عمل آوری کے متعلق بھی واقف کرواتے ہوئے کہا کہ خون کا عطیہ حاصل کرنے کے دوران سماجی فاصلہ کے علاوہ خون کی جانچ کے ساتھ عطیہ دہندگان کے ٹمپریچر کی بھی مکمل جانچ کی جا رہی ہے اور اس بات کو یقینی بنایا جارہا ہے کہ کسی بھی مریض کو کوئی وبائی امراض کا خدشہ نہ رہے۔ جسٹس چلا کودنڈا رام نے بلڈ بینک میں موجود سہولتوں پر اطمینا کا اظہار کیا اور خون کا عطیہ دیتے ہوئے تصویر کشی کا موقع فراہم کیا گیا ہے۔