لاک ڈاؤن کے دوران غریبوں کیلئے انا پورنا کینٹین کی خدمات

   

بلدیات میں صحت و صفائی کی ہدایت، محکمہ بلدی نظم و نسق کے گائیڈلائینس کی اجرائی
حیدرآباد: تلنگانہ میں وزارت بلدی نظم و نسق کی جانب سے صحت و صفائی کے انتظامات عوامی شکایات کی یکسوئی اور انا پورنا کینٹین کے سلسلہ میں نئے قواعد جاری کئے ہیں۔ گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کو ہدایت دی گئی ہے کہ انا پورنا کینٹین کے اوقات میں تبدیلی لاتے ہوئے غریبوں کو پانچ روپئے میں کھانا سربراہ کیا جائے ۔ عام حالات میں کینٹین کی جانب سے 5 روپئے میں لنچ سربراہ کیا جاتا ہے ۔ حکام نے جی ایچ ایم سی سے کہا ہے کہ وہ لاک ڈاؤن کی صورت میں نائیٹ شیلٹرس اور یتیم خانوں میں زندگی بسر کرنے والوں کے علاوہ مائیگرینٹ ورکرس کیلئے رعایتی قیمت پر ڈنر کا انتظام کرے۔ شہر اور اضلاع میں کارپوریشنوں اور میونسپلٹیز کو ہدایت دی گئی ہے کہ بلدی مسائل کے سلسلہ میں عوامی شکایات کی بروقت یکسوئی کریں۔ ترکاری مارکٹ ، میٹ اسٹورس اور ہفتہ واری مارکٹس میں صحت و صفائی کے علاوہ سینیٹائزیشن کا انتظام کیا جائے۔ سلم علاقوں اور مائیگرینٹ ورکرس کے علاقوں میں صحت و صفائی پر خصوصی توجہ دی جائے تاکہ کورونا وباء کے پھیلاؤ کو روکا جاسکے۔ بلدیات کی ذمہ داری ہوگی کہ وہ تجارتی اداروں میں کووڈ قواعد پر عمل آوری کو یقینی بنائیں۔ ریاست بھر میں سینما ہالس ، کلبس اور تفریحی پارکس کو بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے شادی کی تقاریب کے انعقاد کے لئے ضلع کلکٹر سے اجازت حاصل کرنی ہوگی اور 40 افراد کو شرکت کی اجازت رہے گی۔ کووڈ سے متاثرہ افراد کی میتوں کو منتقل کرنے کیلئے بلدیات اور کارپوریشنوں پر ذمہ داری عائد کی گئی ہے ۔ تدفین اور آخری رسومات میں 20 افراد کی شرط لگائی گئی ہے ۔