لاک ڈائون کو 31 مارچ تک کامیاب بنانے عوام سے اپیل

   

احتیاط علاج سے بہتر، رکن پارلیمنٹ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی کا بیان
حیدرآباد۔ 23 مارچ (سیاست نیوز) بھونگیر کے رکن پارلیمنٹ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے کہا کہ کورونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر ہر شہری کی ذمہ داری ہے کہ وہ 31 مارچ تک کے لاک ڈائون میں حصہ لیتے ہوئے اسے کامیاب بنائیں۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وینکٹ ریڈی نے کہا کہ احتیاطی تدابیر کے ذریعہ ہی اس وائرس کے نقصانات سے بچاجاسکتا ہے۔ ابھی تک اس وائرس کا کوئی موثر علاج دریافت نہیں ہوا لہٰذا احتیاطی تدابیر کے ذریعہ ہم مرض کے شکار ہونے سے بچ سکتے ہیں۔ وینکٹ ریڈی نے کہا کہ علاج سے بہتر احتیاط ہوتی ہے لہٰذا عوام کو حکومت کی تحدیدات کا استقبال کرنا چاہئے ناکہ اسے اپنے لیے باعث زحمت تصور کریں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت صحت و صفائی اور وائرس کو روکنے کے لیے ادویات کا چھڑکائو کررہی ہے۔ ساتھ میں عوام کو بھی چاہئے کہ اپنے طور پر تمام احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ حکومت ہجوم کے جمع ہونے پر روک لگانا چاہتی ہے اور عوام کو مذہبی اور تفریحی مقامات پر ہجوم کی شکل میں جانے سے گریز کرنا چاہئے۔ وینکٹ ریڈی نے کہا کہ موجودہ حالات میں عوام خاص طور پر بیرونی ممالک سفر سے گریز کریں۔ شادی بیاہ اور دیگر تقاریب کو آئندہ کے لیے ملتوی کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ صرف اور صرف عوام کے تعاون سے کورونا کا مقابلہ کیا جاسکتا ہے۔ ہر شخص صحت و صفائی کا خیال رکھے۔ اپنے مکان اور اطراف کے علاقوں کی صفائی پر توجہ دی جانی چاہئے۔ وینکٹ ریڈی نے کہا کہ اضلاع سے تعلق رکھنے والے افراد کو کورونا پر قابو پائے جانے تک اپنے مقامات تک محدود رہنا چاہئے۔ انہیں حیدرآباد آنے کی کوئی ضرورت نہیں۔ وینکٹ ریڈی نے کہا کہ وہ کسی بھی مسئلہ کی صورت میں ٹیلی فون پر عوام کے لیے دستیاب رہیں گے۔