لاک ڈاون۔قیدیوں کا جیل چھوڑنے سے انکار

   

حیدرآباد 5اپریل (سیاست نیوز) آندھراپردیش کے ضلع نیلور کی سنٹرل جیل کے قیدیوں نے کورونا وائرس کے سبب ان کو رہا کرنے کے احکام کے باوجود جیل چھوڑنے سے انکار کردیا۔اس موذی وائرس کے پیش نظر جیل کے حکام نے عدالت عظمی کی جانب سے حال ہی میں دی گئی ہدایت کے مطابق بعض قیدیوں کو رہا کرنے کا فیصلہ کیا جن کو سات سال کی قید ہوئی ہے یا پھر جو زیردریافت قیدی ہیں۔ان قیدیوں کو ایک ماہ کے لئے جیل سے عبوری ضمانت کے طورپر رہا کرنے کا فیصلہ کیاگیا تھا تاکہ جیل میں قیدیوں کی تعداد کوکم کیا جاسکے ۔نیلور کی جیل کے حکام نے 58قیدیوں کی فہرست تیار کی تاکہ ان قیدیوں کوجیل سے رہا کیاجاسکے ۔ان میں سے 8قیدیوں کی پہلے ہی رہائی عمل میں آچکی ہے ۔عہدیداروں نے عصمت دری،بچوں سے جنسی زیادتی اور دوسری مرتبہ جیل کی سزا نہ پانے والے قیدیوں کی رہائی کا فیصلہ کیا تاہم کئی قیدیوں نے جیل سے باہر جانے سے انکار کردیا۔ان کا احساس ہے کہ اس مشکل گھڑی میں گھر جانے کے باوجود ان کو کوئی کام نہیں ملے گا اور وہ لاک ڈاون کے دوران صرف گھروں میں ہی محدود ہوکر رہ جائیں گے ۔