لاک ڈاون میںکینسر و تھلیسیمیامریضوںکی مدد

   

سائبر آباد پولیس کی جانب سے خون کا عطیہ ۔ کمشنر وی سی سجنار بھی عطیہ دہندگان میں شامل
حیدرآباد ۔ 13 اپریل ( سیاست نیوز) لاک ڈاؤن کے دوران کینسر اور تھلمیہ کے مریضوں کو لاحق مشکلات پر سائبرآباد پولیس نے اپنی توجہ مرکوز کی ہے اور اس مشکل دور میں منفرد اقدام کرتے ہوئے خون کا عطیہ دینے والوں کی ہر طرح مدد کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ سائبرآباد پولیس کمشنر مسٹر سجنار نے آج خود عملہ کے ساتھ مل کر خون کا عطیہ دیا ۔ انڈین ریڈ کراس سوسائٹی کے ذمہ داروں سے انتظامات میں تعاون کرتے ہوئے تقریباً 120پولیس ملازمین بشمول کمشنر نے خون کا عطیہ دیا ۔ اس موقع پر کمشنر پولیس نے سائبرآباد کی عوام سے درخواست کی کہ وہ بلاخوف خون کا عطیہ دیں ، ایسے خواہش مند شہریوں کیلئے سائبرآباد پولیس نے رجسٹریشن کی سہولت کو فراہم کیا ہے ۔ کمشنر پولیس نے اپنے بیان میں بتایا کہ 9490617440 پر فون کرتے ہوئے خون کے عطیہ کیلئے اپنا نام رجسٹرڈ کروالیں ۔ ایسے خواہش مند افراد جنہوں نے رجسٹرڈ کروایا ہے ۔ سائبرآباد پولیس ان کے مکانات پہنچ کر انہیں پولیس کی گاڑیوں میں ریڈ کراس سوسائٹی کے دفتر پہنچائیں گے اور خون کا عطیہ دینے کے بعد انہیں اپنے مکانات پوری سہولیات کے ساتھ چھوڑا جائے گا ۔ کمشنر پولیس نے کہا کہ ایک شخص کی جانب سے خون کا عطیہ تین افراد کی مدد کرسکتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ رنگاریڈی اور میڑچل کے ضلع کلکٹریٹ کے ساتھ مل کر 13 ایمبولنس کو دستیاب رکھا گیا ہے جس کے ذریعہ ایمرجنسی سہولیات فراہم کی جارہی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ سائبرآباد پولیس کی جانب سے 250 افراد کی ہیلت ایمرجنسی کے تحت مدد کی گئی اور 567 ڈئیلاسیس کے مریضوں کو ان کے مکانات پہنچ کر انہیں پاسیس دیئے گئے اور جن کے یہاں گاڑیاں نہیں ہے انہیں گاڑیوں کی سہولیات بھی فراہم کی جارہی ہے ۔ انہوں نے عوام سے درخواست کی کہ وہ خون کا عطیہ دینے کیلئے آگے آئیں ۔