پارکنگ کامپلکس کے منصوبہ پر کسی کی توجہ نہیں۔ کئی کام دھرے کے دھرے
حیدرآباد۔4مئی(سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ میںکورونا وائرس پر قابو پانے اقدامات کے دوران حکومت کے فیصلوں کو قابل عمل بنانے مختلف محکمہ جات کی جانب سے کوششیں کی جا رہی ہیںجن میں شہری ترقیاتی منصوبوں کو عملی جامہ پہنانے کے علاوہ محکمہ مال کی جانب سے جاری کام کاج شامل ہے۔ شہر کی سڑکوں کی تعمیر و مرمت کے کاموں کا سلسلہ جاری ہے لیکن پرانے شہر میں عرصہ دراز سے تعطل کا شکار کسی کام کو شروع نہیں کیا گیا اور نہ ان کاموں کے سلسلہ میں کوئی توجہ مبذول کی جا رہی ہے بلکہ پرانے شہر میں سڑکوں کی مرمت پر اکتفا کرکے تاثر دیا جا رہاہیکہ دیگر علاقوں کی طرح پرانے شہر میں لاک ڈاؤن کے دوران ترقیاتی سرگرمیاں جاری ہیں۔ دونوں شہروں میں ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا جائے تو نئے شہر کے علاقوں میں ماسٹر پلان پر عمل آوری کے علاوہ سڑکوں کی توسیع فلائی اوور کی تعمیر کے کام ہو رہے ہیں جبکہ پرانے شہر میں عرصہ دراز سے تعطل کا شکار پارکنگ کامپلکس کے منصوبہ کو عملی جامہ پہنانے اقدامات کئے جاسکتے ہیں اور چارمینار بس اسٹینڈ و خزانہ عامرہ خلوت مبارک کی جس جگہ کی نشاندہی پارکنگ کامپلکس کے طور پر کی گئی تھی ان پر تعمیری سرگرمیاں شروع کی جاسکتی تھیں لیکن جی ایچ ایم سی کی جانب سے اس پر کوئی توجہ مبذول نہیں کی جارہی ہے بلکہ پرانے شہر کو لاک ڈاؤن کے دوران انجام دیئے جانے والے کاموں میں نظر انداز کیا جا رہا ہے اور اس سلسلہ میں متوجہ کروانے کوئی تیار نہیں ہے ۔ پرانے شہر کی ترقی کے سلسلہ میں حکومت کے دعوؤں کا جائزہ لیا جائے تو بارہا یہ کہا جاتا رہا ہے کہ پرانے شہر کی ترقی کے اقدامات کئے جا رہے ہیں اور پرانے شہر کو استنبول کے طرز پر ترقی دینے کی منصوبہ بندی ہے لیکن متحدہ آندھرا پردیش میں خلوت مبارک کے روبرو خزانہ عامرہ کی کھلی اراضی پر ہمہ منزلہ پارکنگ کامپلکس کی تعمیر کا اعلان کیا گیاتھا اور اس وقت کے چیف منسٹر نے رکن پارلیمنٹ اور ارکان اسمبلی کی موجودگی میں سنگ بنیاد رکھا تھا لیکن اب تک بھی یہ اراضی جوں کی تو ں ہے اور چارمینار بس اسٹینڈ کی جگہ پر بھی حکومت سے ہمہ منزلہ پارکنگ کامپلکس کی تعمیر کا اعلان کیا گیا تھا اور چارمینار بس اسٹینڈ کی مکمل منتقلی عمل میں لائی گئی لیکن اب یہ جگہ کچہرا کے انبار کیلئے مختص نظر آرہی ہے کیونکہ اس جگہ پر انہدامی کاروائی کے بعد سے کوئی تعمیری سرگرمیاں ہیں اور نہ ہی مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے کوئی منصوبہ تیار کیا گیا ہے کہ اس ہمہ منزلہ پارکنگ کامپلکس کے تعمیری کاموں کا کس طرح سے آغاز کیا جائے اور کتنی مدت میں تکمیل عمل میں لائی جائے۔
