حیدرآباد 4 مئی (سیاست نیوز) لاک ڈاؤن کے دوران ضبط گاڑیوں کو واپس کرنے کا سٹی پولیس نے فیصلہ کیا ہے جسکے تحت آج دونوں شہروں میں 34 ہزار گاڑیاں مالکین کو واپس کردی گئیں۔ پولیس کمشنر انجنی کمار کے مطابق لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی گئی ہے اور گاڑیاں ضبط کرلی گئی تھیں۔ اُنھوں نے کہاکہ ایسٹ زون میں 9 ہزار موٹر سائیکل، ویسٹ زون میں 13 ہزار ساؤتھ زون میں 8 ہزار، نارتھ زون میں 1700 اور سنٹرل زون میں 2200 موٹر سائیکلیں مالکین کے حوالے کردی گئیں۔ بتایا جاتا ہے کہ پولیس نے لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرنے والوں کی تلاشی کیلئے خصوصی چیک پوسٹ قائم کئے اور اِن پر روزآنہ سینکڑوں گاڑیاں ضبط کی جارہی تھیں۔ ضبط گاڑیوں کو متعلقہ پولیس نے اپنے قبضہ میں رکھا تھا اور آر سی بُک یا لائسنس رکھتے ہوئے گاڑیاں حوالے کردی گئیں۔ پولیس کی مہم سے تلنگانہ میں ایک لاکھ 25 ہزار سے زائد گاڑیاں ضبط کی گئی تھیں ۔ اس کارروائی سے عوام میں برہمی تھی چونکہ اِس سے شہریوں کی زندگی متاثر ہورہی تھی۔ پولیس نے لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرنے والے افراد کے خلاف ہنوز کارروائی جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔