لاک ڈاون کا اثر ‘ شہر میںفضائی آلودگی میں کمی

   

صرف ایک دن میں صورتحال کی بہتری ، آئندہ دنوں میں آلودگی میں مزید کمی کا امکان

حیدرآباد 23 مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) ایک ایسے وقت جبکہ کورونا وائرس کی وجہ سے عوام کو مسائل درپیش ہو رہے ہیں اور ان کی صحت متاثر ہونے اور تجارت میں نقصانات کے اندیشے ہیں اس کی وجہ سے صرف ایک مثبت پہلو سامنے آیا ہے اور وہ یہ ہے کہ شہر میں آلودگی کی سطح میں بہت زیادہ کمی واقع ہوئی ہے ۔ اتوار کو کئے گئے جنتا کرفیو کی وجہ سے شہر میں آلودگی کی سطح میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے ۔ سنٹرل پولیوشن کنٹرول بورڈ نے یہ بات بتائی ۔ ٹریفک اور پیداوار میں کمی کی وجہ سے فضاء میں کثیف دھویں کا اخراج کم ہوا ہے ۔ لاک ڈاون کی وجہ سے گاڑیوں کی آمد و رفت کم ہوئی ہے اور فیکٹریوں میں پیداوار متاثر ہوئی ہے ۔ پولیوشن کنٹرول بورڈ کے بموجب نائیٹروجن آکسائیڈ اور دیگر آلودگی پیدا کرنے والی گیاسس کے اخراج میں کمی آئی ہے ۔ یہ گیاسس انسانی جسم کیلئے مضر ہوتی ہیں۔ کہا گیا ہے کہ شہر کے بیشتر علاقوں میں گذشتہ چند ایام کی بہ نسبت اتوار کو آلودگی کی شرح کم دیکھی گئی ہے ۔ جنتا کرفیو سے محض ایک دن قبل شہر میں فضائی صورتحال AQ1 رہی تھی جسے معتدل کہا جاتا ہے ۔ تاہم جنتا کرفیو کے دن یہ صورتحال بہتر ہوئی اور اسے اطمینان بخش کہا جاتا ہے ۔ شہر میں جملہ سات نگران کار اسٹیشن ہیں جہاں فضائی آلودگی کا جائزہ لیا جاتا ہے ۔ سب سے بہتر فضائی صورتحال حیدرآباد سنٹرل یونیورسٹی مانیٹرنگ اسٹیشن میں ریکارڈ کی گئی ہے ۔ اس کے بعد بلارم صنعتی علاقہ اور زو پارک کے علاقہ کی فضائی صورتحال بھی بہتر رہی اور یہاں آلودگی کی شرح کم ہی ریکارڈ کی گئی ہے ۔ اس دوران اکریساٹ پٹن چیرو میں جو فضائی آلودگی کی شرح تھی اسے معتدل ہی قرار دیا جاسکتا ہے ۔ ماہرین کے بموجب اگر لاک ڈاون کا تسلسل اسی طرح جاری رہا تو شہر میں فضائی آلودگی کی شرح میں مزید گراوٹ آئیگی اور یہ گراوٹ تیز رفتار بھی رہے گی ۔ ایک ماہر کا کہنا ہے کہ صرف ایک دن کے لاک ڈاون سے شہر کا آسمان صاف دکھائی دیا اور فضائی آلودگی میں کمی آئی ہے ۔ آئندہ دنوں میں بھی شہر میں ایسی صورتحال ہوسکتی ہے جب فضاء میں کوئی آلودگی ہی نہ پائی جائے ۔