اقلیتی کمیشن کا اجلاس، صدرنشین محمد قمرالدین کا بیان
حیدرآباد: تلنگانہ اقلیتی کمیٹی کا اجلاس صدرنشین محمد قمرالدین کی صدارت میں منعقد ہوا۔ نائب صدرنشین بی شنکر لوکے اور ارکان جی نوریا، محمد ارشد علی خاں ، ڈاکٹر ودیا شراونتی ، ایم اے عظیم اور سردار سریندر سنگھ نے شرکت کی ۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ جن محکمہ جات سے مختلف کاموں کے سلسلہ میں رپورٹ طلب کی گئی ہے ،اس کے عاجلانہ حصول کے اقدامات کئے جائیں۔ کمیشن نے سکریٹری کو ہدایت دی کہ لاک ڈاؤن کے دوران موصولہ نمائندگیوں کی تفصیلات ارکان کو پیش کریں۔ صدرنشین نے ارکان سے خواہش کی کہ وہ موصولہ درخواستوں کی جانچ کرتے ہوئے اپنی رپورٹ جلد پیش کریں۔ کمیشن کی سالانہ رپورٹ برائے 2019-20 کی تیاری کا فیصلہ کیا گیا جس میں کمیشن کی جانب سے کئے گئے کاموں کی تفصیلات پیش کی جائیں گی ۔ صدرنشین محمد قمرالدین نے بعد میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ لاک ڈاؤن کے دوران کمیشن نے آن لائین موصولہ درخواستوں پر کارروائی کی ہے۔ مختلف محکمہ جات کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے عوامی مسائل کی یکسوئی کی خواہش کی گئی۔