لاک ڈاؤن سے غریب اور مائیگرنٹس کو شدید مشکلات

,

   

راہول گاندھی کا نامور صنعت کار و بجاج آٹو کے ایم ڈی راجیو بجاج سے تبادلہ خیال
ہم نے ایسا لاک ڈاؤن کہیں نہیں دیکھا:راہول

نئی دہلی 4 جون (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس لیڈر راہول گاندھی نے کہاکہ ملک میں کورونا وائرس کی وباء سے بچاؤ کے لئے لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا جس سے سب سے زیادہ غریب طبقہ متاثر ہوا ہے۔ راہول گاندھی نے کہاکہ عالمی جنگ کے دوران بھی دنیا میں لاک ڈاؤن نہیں ہوا تھا جس طرح آج کورونا وائرس کی وباء کی وجہ سے لوگوں کو لاک ڈاؤن کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ کوئی بھی یہ تصور نہیں کرسکتا کہ اس طرح سے دنیا کو لاک ڈاؤن کیا گیا ہے۔ راہول گاندھی نے اِس مسئلہ پر آج نامور صنعت کار و بجاج آٹو کے منیجنگ ڈائرکٹر راجیو بجاج سے تبادلہ خیال کیا۔ اُنھوں نے کہاکہ ہندوستان میں لاک ڈاؤن ناکام ہوا ہے۔ ہندوستان واحد ملک ہے جہاں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے اور اُس وقت لاک ڈاؤن میں نرمی کی جارہی ہے۔ اُنھوں نے اِس مسئلہ پر رحمدلانہ ردعمل کی ضرورت پر زور دیا اور کہاکہ حکومت کو اِس مسئلہ پر ماہرین کی بات سننے کی ضرورت ہے۔ راہول گاندھی کورونا وائرس اور لاک ڈاؤن کے بعد سے مختلف اشخاص سے تبادلہ خیال کررہے ہیں۔ 30 اپریل کو اُنھوں نے آر بی آئی کے سابق گورنر رگھورام راجن سے تبادلہ خیال کیا تھا اور کورونا وائرس کے بعد لاک ڈاؤن کے معیشت پر ہونے والے اثرات پر غور و خوض کیا گیا تھا۔ راہول گاندھی نے عالمی سطح کے قائدین اور ماہرین سے اِس مسئلہ پر بات چیت کی تھی جن میں ہارورڈ گلوبل ہیلت انسٹی ٹیوٹ کے پروفیسر آشیش جھا اور سویڈن کے ماہر ڈاکٹر جان گیسک بھی شامل ہیں۔ راجیو بجاج نے کہاکہ لاک ڈاؤن کورونا کا علاج نہیں ہے۔ اُنھوں نے یہ وضاحت کی کہ اُن کو یہ مشورہ دیا گیا کہ وہ اِس مسئلہ پر راہول گاندھی سے بات نہ کریں ورنہ اُن کے لئے مشکل پیدا ہوسکتی ہے۔ راجیو بجاج اپنے بے باک تبصروں کے لئے شہرت رکھتے ہیں۔ راہول گاندھی نے کہاکہ ہم نے ایسا لاک ڈاؤن کہیں نہیں دیکھا۔