لاک ڈاؤن کے رعایتی اوقات میں سماجی فاصلہ اور ماسک ندارد

   

مچھلی بازار رام نگر میں گہما گہمی، سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو کے بعد عوام کا اظہار تشویش

حیدرآباد۔16 مئی (سیاست نیوز) لاک ڈاؤن میں 6تا10 بجے دن رعایت کے اوقات میں شہریوں کی جانب سے گہما گہمی اور ہنگامی اور خوف کے عالم میں کی جانے والی خریداری سوشل میڈیا پر موضوع بحث بنی ہوئی ہے۔ صبح کی اولین ساعتوں میں رام نگر مشیر آباد میں مچھلی بازار میں شہریوں کی گہما گہمی اور کسی بھی طرح کے کورونا وائرس کے اصولوں کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے بازاروں میں کی جانے والی خریداری کی ویڈیو نے ٹوئیٹر پر ہنگامہ کردیا ہے اور حکومت کی جانب سے رعایت کے اوقات کے دوران مکمل آزادی فراہم کئے جانے پر شدید اعتراض کیا جانے لگا ہے اور کہا جا رہاہے کہ مچھلی بازار ‘رام نگر مشیر آباد میں جس طرح سے سماجی فاصلہ اور ماسک کے لزوم کا خیال رکھے بغیرتجارت کی جا رہی ہے وہ کورونا وائرس کو روکنے کے بجائے اس میں اضافہ کا سبب بن سکتی ہے اسی لئے حکومت چاہئے کہ وہ ان بازاروں میں جہاں گہما گہمی ہے کورونا وائرس کے پھیلنے کو روکنے کیلئے اصولوں کے سختی سے نفاذ کو یقینی بنانے کے اقدامات کریں۔سوشل میڈیا پر اس ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد شہریوں کی جانب سے رعایت کے اوقات کے دوران اس طرح کے حالات اور اس کے بعد 20 گھنٹے سڑکوں پر سناٹا رہنے کا کوئی فائدہ نہیں ہوگا اسی لئے حکومت کو ان 4گھنٹوں کے دوران بھی سختی کرنی چاہئے تاکہ لاک ڈاؤن کے نفاذ کے مقاصد پورا کیا جاسکے ۔