تربیت مکمل کرنے والے پولیس کانسٹبلس کے پاسنگ آوٹ پریڈ سے وزیر داخلہ محمد محمود علی کا خطاب
حیدرآباد :۔ ریاستی وزیر داخلہ محمد محمود علی نے کارکردگی ، لا اینڈ آرڈر کی برقراری اور جرائم پر قابو پانے کے ساتھ عصری ٹکنالوجی کو استعمال کرنے کے معاملے میں تلنگانہ پولیس سارے ملک میں سرفہرست ہے ۔ تربیت مکمل کرنے والے 450 کانسٹبلس کے پاسنگ آوٹ پریڈ میں بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا ۔ اس موقع پر ڈی جی پی ایم مہیندر ریڈی ، کمشنر پولیس حیدرآباد کے علاوہ پولیس کے دوسرے اعلیٰ عہدیدار موجود تھے ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر نے کہا کہ علحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے بعد چیف منسٹر کے سی آر نے محکمہ پولیس کو مستحکم کرنے اور پولیس کو عصری تقاضوں سے لیس کرنے کے لیے جو اقدامات کئے ہیں وہ ناقابل فراموش ہیں جس کی وجہ سے ریاست میں لا اینڈ آرڈر پوری طرح کنٹرول میں ہے ۔ ریاست کی ترقی میں امن و امان اہم رول ادا کرتا ہے ۔ گذشتہ 6 سال سے ریاست کے جی ایس ڈی پی میں زبردست ریکارڈ اضافہ ہوا ہے ۔ اس کا اعزاز دور اندیش چیف منسٹر کے سی آر کو جاتا ہے ۔ محمد محمود علی نے کہا کہ ریاست اور شہر حیدرآباد میں لا اینڈ آرڈر کنٹرول میں ہونے کی وجہ شہرت یافتہ کارپوریٹ ادارے حیدرآباد و تلنگانہ کے دوسرے علاقوں میں سرمایہ کاری کرنے کو ترجیح دے رہے ہیں ۔ جس سے ریاست کے نوجوانوں کو بڑے پیمانے پر روزگار کے مواقع دستیاب ہورہے ہیں ۔ چیف منسٹر کے سی آر نے محکمہ پولیس کو تمام عصری تقاضوں سے لیس کرنے کے معاملے میں کوئی سمجھوتہ نہیں کرنے محکمہ پولیس کو نئی گاڑیاں فراہم کرتے ہوئے ہر پولیس اسٹیشن کے حدود میں پولیس گشت میں اضافہ کردیا گیا ۔ نئے اضلاع و منڈل کی تشکیل کے بعد پولیس کمشنریٹس اور نئے پولیس اسٹیشن بھی وجود میں آئے ہیں ۔ سال 2019-20 کے دوران محکمہ پولیس میں 16,925 جائیدادوں پر تقررات کیے گئے ہیں ۔ وزیر داخلہ محمد محمود علی نے تربیت یافتہ پولیس کانسٹبلس کو مبارکباد دیتے ہوئے انہیں ایمانداری اور دیانت داری سے اپنی ذمہ داری بخوبی نبھانے کا مشورہ دیا ۔ کورونا بحران کے دوران پولیس ملازمین کی خدمات کو ناقابل فراموش قرار دیا ۔ تلنگانہ پولیس کے برانڈ امیج کو مزید بڑھانے پر زور دیا ۔ وزیر داخلہ نے قبل از پریڈ کا مشاہدہ کرتے ہوئے سلامی لی ۔۔