واشنگٹن۔صدر امریکہ ڈونالڈ ٹرمپ نے لبنان کے دارالحکومت بیروت میں ہوئے خوفناک دھماکے کو خوفناک حملہ قرار دیتے ہوئے ہر ممکن امداد کی یقین دہانی کرائی ہے۔ ڈونالڈ ٹرمپ نے منگل کی شام صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’’یہ ایک خوفناک حملہ معلوم پڑتا ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ لبنان کے ساتھ کھڑا ہے اور ہر ممکن امداد کے لئے تیار ہے۔اس سے قبل امریکی وزیر خارجہ مائک پومپیو نے کہا کہ بیروت میں خوفناک دھماکے کی جانچ رپورٹ کا امریکہ منتظر ہے۔ پومپیو نے ایک بیان میں کہا کہ ’’ہم سمجھتے ہیں کہ لبنانی حکومت دھماکے کی وجوہات کا پتہ لگانے کے لئے جانچ میں مصروف ہے۔ ہم جانچ کے نتائج کا انتظار کر رہے ہیں۔ وزارت خارجہ پوری صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے اور لبنان کی ہر طرح سے مدد کرنے کے لئے تیار ہے۔ ‘‘امریکہ نے اس دھماکے کے بعد زہریلی گیسوں کے اخراج کی بات کہی ہے اور حادثے کے آس پاس رہنے والے لوگوں کو گھروں سے باہر نہ آنے کا مشورہ دیا ہے۔ امریکی محکمہ خارجہ نے ایڈوائزی جاری کرتے ہوئے کہا کہ ’’ہم لبنانی دارالحکومت بیروت میں ہونے والے دھماکے کی رپورٹ پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔ اس دھماکے کے بعد زہریلی گیسوں کے اخراج کی اطلاعات سامنے آ رہی ہیں ، اس لئے حادثے کے آس پاس رہنے والے لوگوں کو گھروں سے باہر نہ آنے کا مشورہ دیا جاتا ہے۔واضح رہے کہ لبنان کے دارالحکومت بیروت میں ایک بندرگاہ پر منگل کی شام ہوئے زبردست دھماکے میں کم از کم 100 افراد ہلاک اور 4000 سے زائد دیگر زخمی ہوگئے تھے۔
امریکہ میں کورونا وبا قابو میں :ٹرمپ
واشنگٹن۔امریکہ میں کورونا وائرس کے بڑھتے معاملوں اور اب تک ایک لاکھ 55 ہزار سے زائد کی موت کے درمیان صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ وہ جتنا کورونا پر قابو کرسکتے تھے اتنا قابو کرچکے ہیں۔ ٹرمپ امریکی ویب سائٹ کو حال ہی میں دئے انٹر ویو میں کہا کہ کورونا وبا سے نمٹنے کے لیے ان کی انتظامیہ نے ‘لاجواب’کام کیاہے ۔ ٹرمپ نے یہ بھی تسلیم کیا،‘‘لوگوں کی جان جارہی ہے ،یہ سچ ہے لیکن اس کا یہ مطلب نہیں ہے کہ ہم کچھ نہیں کررہے ہیں۔ہم وہ سارے قدم اٹھارہے ہیں،جو اٹھا سکتے تھے ،ہم جتنا اس پر قابو کرسکتے تھے ،اتنا قابو کرچکے ،یہ بھیانک پلیگ کی طرح ہے ۔ صدر نے دعویٰ کیا ہے کہ جو کیس سامنے آرہے ہیں،وہ زیادہ ٹیسٹنگ کی وجہ سے ہیں۔انہوں نے تسلیم کیا کہ کورونا نے امریکہ کو بہت نقصان پہنچایا،لیکن اب آگے بڑھنے کا وقت آگیا ہے ۔امریکہ کی جان ہاپکنس یونیورسٹی کے سائنس اور انجینئرنگ سینٹر(سی ایس ایس ای)کی جانب سے جاری اعدادوشمار کے مطابق ملک میں اب تک 47 لاکھ 50ہزار سے زیادہ افراد متاثر جبکہ ایک لاکھ 56 ہزارسے زائد کی موت ہوچکی ہے۔