لبنان میں پولیس اور مظاہرین کے درمیان تصادم

   

پولیس کی کارروائی میں کئی احتجاجی زخمی ، آنسوگیس اور واٹر کینن کا استعمال
بیروت ۔ 16 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) لبنان کے دارالحکومت بیروت میں دوسرے روز پھر پولیس اور حکومت مخالف مظاہرین کے درمیان تصادم ہوا جس کے نتیجے میں درجنوں افراد زخمی ہوئے۔مظاہرین نے پولیس پر بوتلیں اور پٹاخے پھینکے اور جوابی کارروائی میں پولیس نے آنسو گیس اور واٹر کینن کا استعمال کیا۔اس دوران وزیرِ داخلہ رایا الحسان نے ہفتہ کے روز سکیورٹی فورسز کی جانب سے کیے جانے والے سخت کریک ڈاؤن کی تفتیش کا حکم دیا ہے جس میں درجنوں افراد زخمی ہوئے تھے۔حکمرانوں کی جانب سے معاشی بدانتظامی اکتوبر میں شروع ہونے والے مظاہروں کی وجہ بنی۔بڑے پیمانے پر ہونے والے پْرامن مظاہروں کے مقابلے میں یہ تصادم سب سے پْرتشدد ہیں۔یہ تصادم وزیراعظم سعد الحریری کے مستعفی ہونے کا سبب بنے لیکن نئی حکومت سازی کا عمل تعطل کا شکار ہے۔پیر کو لبنانی پارلیمان یہ طے کرے گی کہ ملک کا اگلا وزیراعظم کون ہو گا اور امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ سعد الحریری اپنے عہدے پر واپس آ جائیں گے۔