لبنان: کئی ماہ کے سیاسی بحران کے بعد بالآخر نئی حکومت قائم

   

بیروت ۔ 22 ۔ جنوری (سیاست ڈاٹ کام ) لبنان میں گزشتہ کئی ماہ سے جاری معاشی بحران اور حالیہ احتجاجی مظاہروں کے بعد نامزد وزیر اعظم حسن دیاب نے نئی ملکی حکومت تشکیل دے دی ہے۔ بیس وزراء پر مشتمل نئی کابینہ میں ملکی سیاسی جماعتوں کے حمایت یافتہ ماہرین شامل ہیں۔نئی لبنانی کابینہ کا پہلا اجلاس آج بائیس جنوری بروز بدھ بلایا گیا ہے اور اقوام متحدہ نے بھی نئی حکومت سے مکمل تعاون کا عندیہ دیا ہے۔ اس کابینہ کا سب سے پہلا کام ملک کو درپیش غیرمعمولی معاشی بحران کا کوئی حل نکالنا ہو گا۔ لبنان میں نئی کابینہ کی تشکیل کے حوالے سے منگل کو اس وقت اتفاق رائے ہوا تھا، جب ایرانی حمایت یافتہ حزب اللہ اور اس کے اتحادیوں نے بیس ماہرین پر مشتمل کابینہ کی حمایت کر دی تھی۔اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انٹونیو گوٹیرش نے نئی کابینہ کی حمایت میں ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ حسن دیاب کی حکومت کے اصلاحاتی ایجنڈے کی مکمل حمایت کریں گے۔ ساتھ ہی انہوں نے اقوام متحدہ کی طرف سے لبنان کی خود مختاری ، استحکام اور سیاسی آزادی کی غیر مشروط حمایت کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔