لداخ میں دراندازی کرنے والا چینی سپاہی گرفتار

   

تین ماہ میں دوسرا واقعہ ، ہندوستانی فوج کی چوکسی میں اضافہ
نئی دہلی: لداخ میں ایل اے سی پر چینی سپاہی دراندازی کرنے کی کوشش کررہا تھا جسے ہندوستانی فوج نے گرفتار کرلیا۔ گزشتہ تین ماہ کے دوران یہ دوسرا واقعہ ہے۔ مشرقی لداخ میں پیانگ کانگ ٹی ایس او کے جنوبی کنارہ میں ہندوستانی فوج نے جمعہ کو ایک چینی سپاہی کی دراندازی کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے اسے گرفتار کرلیا۔ گرفتار شدہ سپاہی اس وقت ہندوستانی علاقہ میں گھسنے کی کوشش کررہا تھا جب یہاں پر ہندوستانی فوج نے اپنی بھاری جمعیت کو تعینات کیا تھا۔ مشرقی لداخ میں چینی پیپلز لبریشن آرمی (پی ایل اے) اور ہندوستانی فوج کی جانب سے بڑے پیمانے پر فوجی سرگرمیاں جاری ہیں۔ دونوں ملکوں کے درمیان گزشتہ سال مئی کے اوائل میں شدید جھڑپیں ہوئی تھیں۔ پی ایل اے کے سپاہی کو تحویل میں لے لیا گیا ہے اور اس سے فوجی طریقہ کار کے مطابق پوچھ گچھ جاری ہے۔ تقریباً چار ماہ قبل ہی ہندوستانی فوج نے اس علاقہ کی اہم چوکیوں پر اپنا کنٹرول حاصل کیا تھا۔ یہاں پر چین کی فوج بار بار دراندازی کی کوشش کررہی ہے۔ 29 اور 30 اگست کی درمیانی شب بھی چین کی فوج نے اپنے سپاہیوں کو ہندوستانی علاقہ میں گھسانے کی کوشش کی تھی۔