سرینگر: ایپکس باڈی لیہہ اور کرگل ڈیموکریٹک الائنس نے مرکزی حکومت سے لداخ کو مکمل ریاستی درجہ دینے کی اپیل کی ہے۔ یہ مطالبہ لداخ یونین ٹریٹری کی ان دونوں جماعتوں کی طرف سے 4 دسمبر کو ہونے والی ایک میٹنگ کے بعد وزارت داخلہ کو ایک تفصیلی مسودہ میں پیش کیا گیا تھا جس کی صدارت مرکزی وزیر مملکت برائے داخلہ نتیانند رائے نے کی تھی جس میں دونوں جماعتوں سے مطالبات کا ایک جامع مسودہ وزارت کو پیش کرنے کو کہا گیا تھا۔ وزارت امور داخلہ کو پیش کئے گئے مسودہ میں اس بات پر زور دیا گیا ہیکہ لداخ کی بھر پور تاریخ، اسٹریٹجک اہمیت، ماحولیاتی افادیت اور شمال مشرق کی دیگر ریاستوں کیساتھ مماثلت کو مدنظر رکھتے ہوئے اس کو ریاستی درجہ دینے ضرورت ہے۔ ڈرافٹ میں کہا گیا کہ یہ اقدام نہ صرف سیاسی نمائندگی میں اضافے کا باعث بن جائے گا بلکہ مقامی لوگوں کو جمہوری فریم ورک کے اندر اپنی امنگوں کو ظاہر کرنے کے لئے با اختیار بنائے گا جس سے قوم کی تعمیر کے عمل میں تعلق اور شرکت کے احساس کو فروغ ملے گا۔