لندن ایرپورٹ پر حیدرآباد سے پہونچنے والے طیارہ کی لینڈنگ میں دشواری

   

لندن ۔ 9 ۔ فروری : ( پی ٹی آئی ) : حیدرآباد سے پہونچنے والا برٹش ایرویز کا طیارہ لندن کے ہیتھرو ایرپورٹ پر لینڈنگ کی پہلی کوشش میں ناکام ہوتے ہوئے عملاً ہچکولے کھانے لگا ۔ لیکن تیز ہواؤں اور ناخوشگوار موسم کے باوجود چند سکنڈس بعد بحفاظت لینڈنگ کی ۔ عہدیداروں نے کہا کہ ناسازگار موسم کے باوجود طیارہ نے صرف 18 منٹ کی تاخیر سے لینڈنگ کی ۔ یہ طیارہ BA276 حیدرآباد کے راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایرپورٹ سے جمعہ کو مقامی وقت کے مطابق دوپہر 12-30 بجے پرواز کیا تھا ۔ لیکن لندن کے ہیتھرو ایرپورٹ پہونچنے کے بعد رن وے پر ہچکولے لینے لگا تاہم پائیلٹ نے لینڈنگ کو منسوخ کردیا ۔ اس مسئلہ کو ناسازگار موسم کا نتیجہ قرار دیا جارہا ہے ۔ جہاں اس ہفتہ کے طوفان ایرک کے سبب اس وقت 112 کیلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے طوفانی ہوائیں چل رہی تھیں ۔ سوشیل میڈیا پر گشت کرنے والی ویڈیوز میں بھی اس طیارہ کو رن وے پر لینڈنگ سے قبل لڑکھڑاتا دیکھا گیا ہے ۔۔