لودھی روڈ لال مسجد کو سی آر پی ایف سے خالی کروالیاگیا ۔ 

,

   

نئی دہلی : لودھی روڈ واقع لال مسجد سے اب سی آر پی ایف نے پوری طرح قبضہ ہٹالیا ہے ۔ او ر جس قبرستان پر سی آر پی ایف نے قبضہ کیا ہوا ہے وہاں نہ تو کوئی تعمیرات کی جائے گی او ر نہ ہی کسی قسم کی انہدامی کارروائی کی جائے گی ۔ سی آر پی ایف کا یہ فیصلہ ایک میٹنگ میں لیا گیا ہے ۔ دوسری جانب دہلی وقف بورڈ کا کہنا ہے کہ وہ جلد ہی اس مسئلہ پر ہائی کورٹ کا رخ کرے گا ۔ اس کے علاوہ اس معاملہ میں آج تک وقف ٹریبونل میں سماعت تھی لیکن کسی جج کے حاضر نہ ہونے پر اس کی سماعت نہیں ہوسکی ۔ اب اس معاملہ پر سماعت جولائی کے مہینہ میں ہوگی ۔ گذشتہ دہلی وقف بورڈ کے چیئر مین امانت اللہ خان نے ڈی سی پی ، اے سی پی ، ایس ایچ او ، سی آر پی ایف کیساتھ میٹنگ کی ۔

اس میٹنگ میں طے کیا گیا ہے کہ لال مسجد کو پوری طرح آزاد کردیا گیا ہے اور وہاں لگے ٹین شیڈ وغیر ہ کو بھی ہٹالیا جائے گا ۔ بعد ازاں امانت اللہ خان میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ میٹنگ میں طے کیاگیا ہے کہ قبرستان کا معاملہ عدالت میں زیر سماعت ہے ۔ اس معاملہ کوئی حکم آنے تک کسی قسم کی انہدامی یا تعمیری کارروائی وہاں نہیں کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اس معاملہ پر پولیس سے شکایت کی تھی مگر پولیس نے اب تک کوئی کارروائی نہیں کی ۔

ہم نے ہمارے وکیل کو ہدایت دی کہ اس معا ملہ کو ہائی کورٹ لیجانے کی تیاری کی جائے ۔ امانت اللہ نے بتایا کہ میں عوام کو یقین دلاتا ہوں کہ ہم یہاں کسی قسم کا قبضہ نہیں ہونے دیں گے ۔