لولینا کی نظریں اب پیرس اولمپکس پر مرکوز

   

نئی دہلی ۔ اولمپکس کے کیریئر کے آغاز پر شاندار مظاہرے کرتے ہوئے ٹوکیو مشن کی کامیاب تکمیل کے بعد ہندوستانی باکسر لولینا بورگوہین کی نظریں اب پیرس اولمپکس 2024 پر مرکوز ہوچکی ہیں۔ لولینا نے خصوصی انٹرویو میں کہا ہے کہ ٹوکیو اولمپکس کی کامیابی کے ساتھ تکمیل کے بعد انہوں نے اب اپنی نظریں پیرس پر مرکوز کرلی ہیں۔ لولینا جنہوں نے 69 کیلو گرام زمرہ میں ہندوستان کے لئے برونز میڈل حاصل کیا ہے اور واپسی پر جہاں ان کا شاندار استقبال کیا گیا وہیں انہوں نے میڈیا کو دیئے گئے ایک خصوصی انٹرویو میں کہا ہے کہ ٹوکیو اولمپکس کی کامیابی نے ان کی ایک عام سی زندگی کو صرف چند گھنٹوں میں اسٹار کی لائف میں تبدیل کردیا ہے۔ 23 سالہ لولینا جن کا تعلق آسام کے گولاگھاٹ ضلع کے باروموکھیا گاؤں سے ہے انہوں نے ٹوکیو اولمپکس میں میڈل حاصل کیا اور وہ ہندوستان کی ایسی صرف تیسری باکسر ہیں جنہوں نے اولمپکس میں میڈل حاصل کیا ہے۔ ان سے قبل 6 مرتبہ کی عالمی چیمپین ایم سی میری کوم اور وجیندر سنگھ نے اولمپکس کا میڈل حاصل کیا ہے۔ لولینا نے کہا کہ کوئی بھی کامیابی آسان نہیں ہوتی۔ اس کے لئے کئی قربانیاں دینی پڑتی ہیں۔ سب سے پہلی قربانی میں نے اپنے خاندان سے دور رہ کر دی۔ 8 برسوں تک خاندان سے دور رہنا پڑا۔